مہاراشٹرا : شنڈے حکومت ایوان کے فلور ٹسٹ میں کامیاب ہوگئی

,

   

ممبئی: مہاراشٹرا اسمبلی میں آج فلور ٹسٹ کے دوران جیسا توقع کی گئی تھی ویسا ہی ہوا۔ شنڈے حکومت نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ۔ شنڈے حکومت کو 164 ایم ایل ایز کی حمایت ملی جب کہ مخالفت میں محض99 ووٹ ڈالے گئے۔ اس طرح شنڈے حکومت فلور ٹسٹ میں کامیاب ہو گئی۔ ووٹنگ کے وقت 266 ایم ایل ایز ایوان میں موجود تھے۔ ان میں سے تین ایم ایل ایز نے اپنا ووٹ نہیں ڈالا۔ 21 ارکان اسمبلی ایوان سے غیر حاضر رہے۔ووٹنگ سے پہلے سپریم کورٹ نے شیوسینا کی عرضی پر فوری سماعت کرنے سے انکار کر دیا ۔ شیوسینا نے اسپیکر راہول نارویکر کے فیصلے کے خلاف عرضی داخل کی تھی۔ اتوار کو اسپیکر نے اسمبلی میں شیوسینا کے لیڈر اور چیف وہپ کی حیثیت ختم کر دی تھی۔اسپیکرکاانتخاب جیتنے کے بعد شنڈے کے گروپ نے آدتیہ ٹھاکرے سمیت شیوسینا کے16 ایم ایل ایز کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا ۔ شنڈے گروپ کے چیف وہپ بھرت گوگاوالے نے نئے اسپیکر نارویکر کو ایک خط سونپا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ 16 ایم ایل ایز نے وہپ کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس لیے اُن کی رکنیت منسوخ کی جائے۔باغی گروپ کے 16 ایم ایل ایز کی رکنیت کا معاملہ پہلے ہی سپریم کورٹ میں ہے۔ شنڈے نے اتوار کو اُدھوٹھاکرے حکومت کو گرانے کے بعد اسمبلی میں پہلا فلور ٹسٹ جیت لیا۔ بی جے پی کے راہول نارویکر کو اسمبلی کا نیا اسپیکر منتخب کیا گیا ہے۔ نارویکر کو 164 ووٹ ملے، جب کہ شیوسینا کے راجن سالوی کو 107 ووٹ ملے۔ ووٹنگ کے دوران این سی پی کے 7 اور کانگریس کے 2 ایم ایل اے غیر حاضر تھے۔ اسمبلی کی کارروائی شروع ہونے کے بعد اپوزیشن کے مطالبے پر ڈپٹی اسپیکر نرہری جروال نے ایم ایل ایز کی گنتی شروع کی۔ اس وقت اسمبلی میں 287 ایم ایل ایز موجود تھے اور جیتنے کے لیے 144 کا جادوئی عدد درکار تھا۔ تاہم ووٹنگ میں صرف 275 ایم ایل ایز نے حصہ لیا۔ اسپیکرکے الیکشن میں نواب ملک (این سی پی)، انیل دیشمکھ (این سی پی)، مکتا تلک (بی جے پی)، لکشمن جگتاپ (بی جے پی)، پرنیت شنڈے (کانگریس)، دتا بھرے (این سی پی)، نیلیش لنکے (این سی پی)، انا بنسودے (این سی پی) شامل ہیں۔نارویکر 2014 سے پہلے شیوسینا میں تھے، تاہم انہیں لوک سبھا کا ٹکٹ نہیں ملا، پھر پارٹی چھوڑ کر این سی پی میں شامل ہو گئے۔این سی پی کے اجیت پوار کو اپوزیشن لیڈر بنایا گیا ہے ۔ وہ این سی پی کے ساتھ ساتھ شیوسینا اور کانگریس و دیگر گروپوں کے نمائندہ اپوزیشن لیڈر ہوں گے ۔ 62 سالہ اجیت پوار این سی پی سربراہ شردپوار کے بھتیجے ہیں۔ نئے سیاسی حالات میں پوار جیسے سینئر سیاستداں کی ہی اپوزیشن کو ضرورت ہے ۔
حکومت 6 ماہ میں گرجائے گی : شردپوار
مہاراشٹرا میں 14 دنوں سے جاری سیاسی بحران کے درمیان این سی پی سربراہ شرد پوار نے بڑا بیان دیا ہے۔ ممبئی میں این سی پی ارکانِ اسمبلی کی میٹنگ میں پوار نے کہا کہ ایکناتھ شنڈے کی حکومت زیادہ عرصہ نہیں چلے گی۔ 6 ماہ میں حکومت گرجائے گی۔سب کو وسط مدتی انتخابات کی تیاری کرنی چاہیے۔شرد پوار نے مزید کہا کہ شنڈے کی حمایت کرنے والے بہت سے باغی ایم ایل اے موجودہ صورتحال سے خوش نہیں ہیں۔قلمدانوں کی تقسیم کے بعد ان سب کی بے اطمینانی نظر آئے گی اور یہ بے اطمینانی حکومت کا زوال ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بہت ممکن ہے کہ اس سب کے بعد بے اطمینانی کے عالم میں بہت سے باغی ارکان اپنی اصل پارٹی میں واپس آ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ممبران اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں عوام کے بیچ رہ کر ان کے مسائل سنیں۔