مہلوک مسعود اور فاضل کے ورثا کو 30 لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان : مسلم کمیٹی

,

   

حکومت کے امتیازی سلوک پر اعتراض ، مسلم قائدین کا پیس میٹنگ کا بائیکاٹ
منگلورو : مسلم سنٹرل کمیٹی نے مہلوک مسعود اور فاضل کے ورثا کو 30 لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا ہے ۔ دکشن کرناٹک میں حال ہی میں پیش آئے دو واقعات میں مسعود اور فاضل کا قتل کردیا گیا ۔ 19 جولائی کو محمد مسعود 19 سالہ پر بوتلوں سے حملہ کر کے قتل کردیا گیا تھا ۔ اس واقعہ میں 8 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں 6 کا تعلق بجرنگ دل سے ہے ۔ اس حملہ کے دو دن بعد دوران علاج مسعود جانبر نہ ہوسکے ۔ 27 جولائی کو پروین نیتارو کا نامعلوم افراد نے اس وقت قتل کردیا تھا جب وہ گھر واپس ہورہا تھا ۔ پروین کے قتل کے بعد ضلع کے بی جے پی ورکرس میں شدید غم و غصہ دیکھا گیا ۔ 29 جولائی کو منگلورو ضلع میں محمد فاضل کا قتل کردیا گیا ۔ چیف منسٹر کرناٹک بسواراج بومئی نے بی جے پی یووا مورچہ کے رکن پروین نیتارو کے ارکان خاندان سے ملاقات کی اور 25 لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا جب کہ چیف منسٹر نے مسعود اور فاضل کے ارکان خاندان سے ملاقات نہیں کی ۔ مسلم قائدین نے حکومت کے امتیازی سلوک اور رویہ پر اعتراض کیا ۔ مسلم قائدین نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے طلب کردہ پیس کمیٹی کی میٹنگ کا بائیکاٹ کیا اور کہا کہ حکومت کو سب کے ساتھ مساوی سلوک کرنا چاہئے ۔ کسی ایک مخصوص طبقہ کی حمایت نہیں کرنی چاہئے ۔ مسلم قائدین نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں مساوات نہیں کی جارہی ہیں ۔ مسلم قائدین نے کہا کہ اندرون ایک ہفتہ تین نوجوانوں کا قتل ہوا ہے ۔ تاہم معاوضہ کی تقسیم میں امتیاز برتا جارہا ہے ۔ ڈی کے مسلم اوکوٹا کے صدر کے اشرف نے کہا کہ چیف منسٹر کو پیس کمیٹی کی اجلاس طلب کرنا چاہئے تھا ۔ مختلف کمیٹیوں کے ارکان نے پیس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی اور مختلف مسائل اٹھائے ۔ ایڈیشنل ڈی جی پی الوک کمار نے بتایا کہ پولیس کی تحقیقات صحیح سمت میں جاری ہیں ۔ حقیقی خاطیوں کو جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا ۔ غیر ضروری کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئے گی ۔ پیس کمیٹی کے ارکان نے تجویز پیش کی کہ ہر اسٹیشن اور ضلع سطح پر مسلسل پیس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چند نوجوان ڈرگس کا استعمال کرتے ہوئے اس طرح کے جرائم میں ملوث ہورہے ہیں ۔ پیس کمیٹی کا اجلاس سیاسی نمائندگی کے بغیر منعقد کیا گیا ۔ پیس کمیٹی اجلاس میں بعض ارکان نے کہا کہ چیف منسٹر کو تینوں مہلوکین کے خاندانوں سے ملاقات کرنی چاہئے ۔ ۔