میدک، 20/ اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز):خصوصی جامع نظرثانی (SIR-2026) کے تحت 34-میدک اور 37-نرساپور اسمبلی حلقوں کے لیے یکم اکتوبر 2026 کو بنیاد بناتے ہوئے تیار کردہ مربوط مسودہ فوٹو ووٹر لسٹ اور سروس ووٹر لسٹ کو ضلع کلکٹر و ضلع انتخابی افسر پرتیما سنگھ نے جاری کیا۔ضلع انتخابی افسر نے بتایا کہ مسودہ ووٹر لسٹ تمام پولنگ مراکز کے علاوہ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر کے دفاتر کے نوٹس بورڈ پر ووٹرس کے معائنہ کے لیے دستیاب رکھی گئی ہے۔میدک اسمبلی حلقہ میں مرد ووٹرس کی تعداد 96,184، خواتین ووٹرس 1,05,518 اور تھرڈ جینڈر ووٹرس 3 ہیں۔ اس طرح مجموعی ووٹرس کی تعداد 2,01,705 ہے۔ ان میں 5 این آر آئی ووٹرس شامل ہیں، جن میں 4 مرد اور ایک خاتون ہے۔ سروس ووٹرس کی تعداد 81 ہے، جن میں 80 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔نرساپور اسمبلی حلقہ میں مرد ووٹرس 1,01,376، خواتین ووٹرس 1,07,118 اور تھرڈ جینڈر ووٹرس 5 ہیں۔ مجموعی ووٹرس کی تعداد 2,08,499 ہے۔ ان میں ایک این آر آئی مرد ووٹر شامل ہے۔ سروس ووٹرس کی تعداد 38 بتائی گئی ہے۔ضلع انتخابی افسر پرتیما سنگھ نے تمام ووٹرس سے اپیل کی کہ وہ مسودہ فہرست میں اپنے نام، پتہ اور دیگر تفصیلات کی لازمی جانچ کرلیں۔ نام درج نہ ہونے، نام پر اعتراض، یا ووٹر کی تفصیلات میں کسی غلطی یا تبدیلی کی صورت میں 16 ستمبر 2026 تک مقررہ فارمس کے ذریعے دعوے اور اعتراضات داخل کیے جاسکتے ہیں۔