میرے قافلہ کی روانگی سے عوام کو کوئی دشواری نہ ہو، ریونت ریڈی کی ہدایت

   

ایرپورٹ کے قریب گاڑیوں کو روکنے پر چیف منسٹر کی برہمی، عنقریب علحدہ ٹریفک بیورو کی تشکیل
حیدرآباد ۔6۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند کو ہدایت دی کہ ان کے قافلہ کے گزرنے کے دوران عام آدمی کو ٹریفک کے مسائل سے بچانے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گھنٹوں تک سڑک پر روکنے سے حکام کو گریز کرنا چاہئے۔ چیف منسٹر کی آج صبح نئی دہلی روانگی کے موقع پر ایرپورٹ روانگی کے دوران بڑی تعداد میں گاڑیوں کو روکنے پر چیف منسٹر نے برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری قافلہ کی روانگی کے موقع پر گاڑیوں کو روکنے سے عوام کو مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی روانگی کے دوران عام آدمی کو کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے ۔ چیف منسٹر کے قافلہ کی روانگی کے راستہ میں مقابل سے آنے والی گاڑیوں کو روکنے کیلئے چیف منسٹر نے مخالفت کی۔ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دی کہ ٹریفک روکتے ہوئے عوام کو مشکلات پیدا کرنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی کی انجام دہی میں تساہل کرنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے بعد سی وی آنند نے تلنگانہ کے تمام پولیس کمشنر کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو ٹریفک دشواریوں کے سلسلہ میں بار بار عہدیداروں کو توجہ دلانی پڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈی جی پی کی نگرانی میں جلد ہی ٹریفک بیورو قائم کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جاسکے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ چیف منسٹر کے قافلہ کی روانگی کے موقع پر دیگر گاڑیوں کو سنگل لائین میں گزرنے کی اجازت دینے کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے۔ اس طرح ٹریفک جام کے مسائل سے عوام کو بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ایرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں ٹریفک بہتر بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی ۔1/k/m/b