احتجاج اور توڑ پھوڑ سے برانڈ حیدرآباد کی ساکھ متاثر ہونے کا اندیشہ
حیدرآباد، 21 نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے حیدرآباد کے گچی باؤلی علاقہ میں واقع میٹا کمپنی کے دفتر میں پیش آئے توڑ پھوڑ کے واقعہ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطہ کے پلیٹ فارم “ایکس” پر ریاستی حکومت اور کانگریس قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یوتھ کانگریس کی جانب سے حیدرآباد کی برانڈ امیج کو نقصان پہنچانے کی جو کوشش کی گئی ہے، وہ اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برانڈ حیدرآباد کو گزشتہ برسوں میں صنعت دوست پالیسیوں کے ذریعہ پروان چڑھایا گیا ہے، جس سے ملک بھر کے لاکھوں خاندانوں کو روزگار میسر آیا ہے، تاہم موجودہ حکومت کے دور میں ایسے واقعات سے عالمی سطح پر شہر کا وقار مجروح ہو رہا ہے۔کے ٹی آر نے گزشتہ روز یوتھ کانگریس قیادت کی جانب سے میٹا آفس پر کیے گئے احتجاجی دھرنے اور توڑ پھوڑ کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرز عمل سے حیدرآباد کا پرامن اور سرمایہ کار دوست تشخص بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کانگریس قائد راہول گاندھی کو ٹیگ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آیا ملک میں بڑی کمپنیوں کو راغب کرنے کے لیے یہی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں میٹا کا ہندوستان کا سب سے بڑا کیمپس قائم ہے اور کمپنی نے محفوظ ماحول کی بنیاد پر اس شہر کا انتخاب کیا تھا، لیکن اس حملے سے نہ صرف دفتر کی کھڑکیاں ٹوٹی ہیں بلکہ برانڈ حیدرآباد پر عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی مجروح ہوا ہے۔ 2