حیدرآباد۔/26 اپریل، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن اور تلنگانہ حکومت کے درمیان ناگر کرنول میں میڈیکل کالج کے قیام پر ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوچکا ہے۔ گورنر نے ٹوئٹر پر ناگر کرنول میں میڈیکل کالج کی منظوری کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ مرکز کی مساعی کے نتیجہ میں میڈیکل کالج قائم ہورہا ہے جبکہ تلنگانہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ ناگرکرنول میں میڈیکل کالج کے قیام سے مرکز کا کوئی تعلق نہیں۔
کالج کے قیام کیلئے فنڈس اور تعمیری کاموں میں مرکز کا کوئی حصہ نہیں ہے۔ گورنر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ تلنگانہ میں نئے میڈیکل کالجس وزیر اعظم نریندر مودی کے ویژن کے تحت قائم کئے جارہے ہیں۔ ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج کے قیام کی تجویز ہے۔ گورنر کے ٹوئیٹ پر مختلف گوشوں سے نکتہ چینی کی گئی۔ ڈاکٹر نریش نے ٹوئٹر پر لکھا کہ قابل احترام میڈم، یہ کالجس ریاستی حکومت کی فنڈنگ سے قائم ہورہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے ملک میں 157 میڈیکل کالجس کی منظوری دی ہے اور پہلے مرحلہ میں تلنگانہ کیلئے ایک بھی کالج منظور نہیں کیا گیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے مارچ میں اعلان کیا تھا کہ ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا۔ جس کے ایک ماہ بعد وزیر اعظم نے مختلف ریاستوں کیلئے 157 میڈیکل کالجس کی منظوری دی لیکن تلنگانہ کیلئے ایک بھی کالج نہیں دیا گیا۔