ٹوئیٹ جھوٹا ہے، سی پراوین کی سائبر کرائم میں شکایت
حیدرآباد ۔2۔ اگست (سیاست نیوز) چیکوٹی پراوین سے ای ڈی عہدیداروں کی پوچھ تاچھ پر دونوں گلو ریاستوں میس سنسنی پھیلی ہوئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ چیکوٹی پراوین اور اس کی ٹیم کے رابطے میں رہنے والے سیاستداں ، تاجرین ، فلمی ستارے اور اعلیٰ عہدیدار سب پریشان ہیں کہ کہیں ان کے نام منظر عام پر نہ آجائیں۔ چیکوٹی پراوین کا ایک ٹوئیٹ سیاسی حلقوں میں کافی وائرل ہورہا ہے ۔ ٹوئیٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگر میں ای ڈی کے جال میں پھنس جاتا ہوں تو چیف منسٹر اور وزراء بھی پھنس جائیں گے۔ تاہم چیکوٹی پراوین نے اس طرح کا کوئی ٹوئیٹ کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نام سے ٹوئیٹر اور فیس بک پر فرضی اکاونٹس تیار کرتے ہوئے جھوٹے ٹوئیٹس کئے جارہے ہیں۔ اس ٹوئیٹ سے ان کا کوئی تعلق نہیں ۔ چیکوٹی پراوین نے سائبر کرائم پولیس سے رجوع ہوکر ان کے نام سے کوئی فرصی اکاؤنٹس تیار کرکے ٹوئیٹ کرنے کی شکایت ہے۔ سائبر کرائم پولیس نے شکایت وصول ہونے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور حقائق کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ بہت جلد پتہ چل جائے گا کہ کس نے ٹوئیٹ کیا ہے ۔ ن
بی جے پی کے آئی ٹی سیل کی کارستانی!
سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست (سیاست نیوز) چیکوٹی پراوین کے نام سے وائرل ٹوئیٹ پر سیاسی حلقوں بالخصوص حکمراں جماعت کے حلقوں میں سنسنی پیدا ہوگئی ہے ۔ حکمراں اور اپوزیشن جماعتوں کے حلقوں میںچہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں ۔ ہر کوئی یہ جاننے کی کوشش کر رہا ہے کہ آخرکار وہ وزرا کون ہیں جو اس ریاکٹ کا حصہ ہوسکتے ہیں ؟ اس مسئلہ پر تجسس پیدا ہوگیا ۔ اس کے علاوہ کئی شکوک و شبہات پائے جارہے ہیں ۔ اس وقت بی جے پی ریاست میں ٹی آر ایس کا متبادل بننے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے جس کیلئے سوشیل میڈیا کا استعمال کر رہی ہے ۔ دوباک اور حضور آباد کیضمنی انتخاب میں بی جے پی کی کامیابی میں سوشیل میڈیا کا اہم رول رہا ہے ۔ اس بات کا بھی شک ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ کارستانی بی جے پی کے آئی ٹی سیل کی ہوسکتی ہے ؟ بی جے پی ریاست میں ہر مسئلہ سے بھرپور سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ سائبر کرائم کی تحقیقات سے حقائق کا پتہ چل سکتا ہے ۔ عوام کی ساری توجہ اب سائبر کرائم کی تحقیقات پر مرکوز ہوگئی ہے۔ ن