20 سال بعد نیم پلیٹ کی تبدیلی، ریونت ریڈی نے نئی قیامگاہ کا معائنہ کیا
حیدرآباد۔/19 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) اقتدار کسی کیلئے بھی مستقل نہیں ہوتا اور وقت کے ساتھ ساتھ برسراقتدار پارٹیاں اور حکمرانوں کی تبدیلی قانون فطرت ہے۔ تلنگانہ میں کے سی آر کی 10 سالہ حکمرانی کے خاتمہ کے بعد نہ صرف ریاست بلکہ قومی سطح پر بھی تبدیلیاں دیکھی جارہی ہیں۔ نئی دہلی میں تغلق روڈ پر گذشتہ 20 برسوں سے کے سی آر بنگلہ نمبر 23 سرکاری بنگلہ میں قیام پذیر تھے لیکن اسمبلی چناؤ میں شکست کے بعد یہ بنگلہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو الاٹ کردیا گیا۔ 20 سال کے بعد اس بنگلہ پر نیم پلیٹ تبدیل ہوئی ہے اور کے سی آر کی جگہ ریونت ریڈی کی نیم پلیٹ لگادی گئی۔ چناؤ میں شکست کے بعد کے سی آر نے یہ بنگلہ خالی کردیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے اپنے شخصی سامان کو دوسرے گھر میں منتقل کردیا۔ 2004 سے 2014 تک رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر کی حیثیت سے کے سی آر کو تغلق روڈ پر سرکاری بنگلہ الاٹ کیا گیا تھا۔ 2014 سے 2023 تک وہ چیف منسٹر کی حیثیت سے اسی سرکاری بنگلہ میں قیام پذیر رہے۔ انتخابی نتائج کے بعد کے سی آر نے بنگلہ کو خالی کرتے ہوئے اسے تلنگانہ بھون کے عہدیداروں کے حوالے کردیا۔ یہ بنگلہ تقریباً 20 برسوں تک نئی دہلی میں کے سی آر کی سرکاری رہائش گاہ کے طور پر استعمال کیا گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج نئی دہلی پہنچنے کے بعد تغلق روڈ پر واقع بنگلہ کا معائنہ کیا۔ ریونت ریڈی رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے دوسرے سرکاری مکان میں قیام پذیر ہیں تاہم چیف منسٹر بننے کے بعد وہ نئے بنگلہ میں منتقل ہوجائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی عنقریب نئے بنگلہ میں پوجا پاٹ کے بعد داخل ہونے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے آج بنگلہ میں بعض تبدیلیوں کی ہدایت دی۔ واضح رہے کہ اسمبلی چناؤ میں شکست کے بعد کے سی آر کو پرگتی بھون بھی خالی کرنا پڑا۔ر