’’ناٹوناٹو‘‘کوآسکرایوارڈ،کے سی آر کی مبارکباد

   

حیدرآباد13مارچ(یواین آئی) تلگو فلم آر آر آر کے گیت ’ناٹوناٹو‘کو بہترین اوریجنل گانے کے زمرہ میں آسکر ایوارڈ حاصل ہونے پرچیف منسٹرچندر شیکھر راؤ نے مسرت کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے اپنے پیام میں کہا کہ آسکر ایوارڈ کا حصول تمام تلگووالوں کے لئے فخر کی بات ہے ، جسے عالمی فلمی صنعت کا سب سے باوقار ایوارڈ سمجھا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آسکر ایوارڈ یافتہ گیت ’’ناٹوناٹو‘‘ میںشامل الفاظ تلنگانہ کی ثقافت، تلگو عوام کے ذائقہ،جذبہ اور عوامی زندگی کے تنوع کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس موقع پر میوزک ڈائریکٹر ایم ایم کیروانی، کمپوزیشن پارٹنر ڈائریکٹر راجامولی، گلوکار راہول سپلی گنج، اداکار رام چرن، جونیئر این ٹی آر، کوریوگرافر پریمرکشت اوردوسروں کو بھی چیف منسٹرنے مبارکباد دی۔انہوںنے کہا کہ یہ بہت بڑی بات ہے کہ تلگو سنیما انڈسٹری میں فلمیں اس طرح بن رہی ہیں جو کہ پروڈکشن کے اقداراور ٹکنالوجی کے لحاظ سے ہالی ووڈ سے کم نہیں ہیں۔ حیدرآباد کی سرزمین پر روز بروز ترقی کرنے والی تلگو فلم انڈسٹری کی شہرت پھیل رہی ہے ۔ یہ ایوارڈ نہ صرف تلنگانہ اور اے پی، تلگو، دراوڈی زبانوں بلکہ ملک کیلئے باعث فخر ہے ۔