نتائج سے چند گھنٹے قبل بی آر ایس اور کانگریس کے دلچسپ ریمارکس

   

ہیٹ ٹرک لوڈنگ ‘ کے ٹی راما راؤ کا ٹوئیٹ ۔ میری مراد پوری ہوگئی ‘ داڑھی منڈوا رہا ہوں ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : نتائج سے چند گھنٹے قبل بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر اور کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے دلچسپ ریمارکس کرتے ہوئے نتائج پر عوام میں جو تجسس ہے اس میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔ کے ٹی آر نے بی آر ایس کیڈر کو جشن منانے کی تیاریاں کرنے کا مشورہ دیا ہے وہیں اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ان کی مراد پوری ہوگئی ہے ۔ اب وہ داڑھی منڈوا رہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے دلچسپ ٹوئیٹ کیا ۔ ہیٹ ٹرک لوڈنگ 3.0 کیاپشن تحریر کرکے بی آر ایس کی تیسری مرتبہ کامیابی کا جشن منانے تیار رہنے کا کیڈر کو مشورہ دیا ہے ۔ کے ٹی آر نے بندوق نشانہ پر لگاتے ایک تصویر سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی ہے جو وائرل ہورہی ہے اور نتائج پر عوام میں تجسس بڑھ گیا ہے ۔ واضح رہے کہ 30 نومبر کو رائے دہی کے بعد ایگزٹ پول نتائج پر پارٹی ہیڈ کوارٹر تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ایگزٹ پول نتائج کو بکواس قرار دیتے ہوئے بی آر ایس کو 70 سے زائد اسمبلی حلقوں پر کامیابی کا دعویٰ کیا تھا اور یہ کہا تھا کہ ایگزٹ پول میں کانگریس کامیاب ہورہی ہے مگر 3 دسمبر کوحقیقی نتائج میں بی آر ایس کامیاب ہوگی ۔ یکم دسمبر کو ایک ٹوئیٹ میں کے ٹی آر نے کہا تھا کہ کافی دنوں کے بعد آرام کی نیند سوپائے ہیں کیوں کہ حقیقی نتائج بی آر ایس کیلئے خوشخبری ثابت ہونے کا بھی دعویٰ کیا تھا ۔ 2 دسمبر کو رات میں ایک اور ٹوئیٹ میںپارٹی کیڈر کو بی آر ایس کی تیسری مرتبہ کامیابی کا جشن منانے تیاری کا مشورہ دیا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کے سابق صدر و رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے بھی نتائج سے چند گھنٹے قبل ایک دلچسپ ریمارکس کرکے کہا کہ ریاست میں کانگریس بھاری اکثریت سے کامیاب ہورہی ہے ۔ انہوں نے کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے تک داڑھی نا منڈوانے کا جو عہد کیا تھا ان کی مراد 3 دسمبر اتوار کو پوری ہورہی ہے ۔ اب وہ داڑھی منڈوا لیں گے ۔ کانگریس بھاری اکثریت حاصل کرکے حکومت تشکیل دینے کا اتم کمار ریڈی نے دعویٰ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ 2018 کے انتخابات کانگریس نے اتم کمار ریڈی کی قیادت میں لڑے تھے اسی دوران اتم کمار ریڈی نے عہد کیا تھا کہ کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے تک وہ داڑھی نہیں منڈوائیں گے تب کانگریس کو اقتدار حاصل نہیں ہوا تھا تب سے اتم کمار ریڈی داڑھی برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔ 2023 انتخابات میں تمام ایگزٹ پولس نتائج کانگریس کو اقتدار کی پیش قیاسی کررہے ہیں جس پر اتم کمار ریڈی نے دلچسپ ریمارکس کرتے ہوئے نتائج سے متعلق عوامی تجسس میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی کا ردعمل بھی سوشیل میڈیا میں تیزی سے وائرل ہوگیا ہے ۔ ن