نرمل کے دلاور پور میں ایتھنال کمپنی کی اجازت بی آر ایس دور حکومت میں دی گئی: مہیش کمار گوڑ

   

سرینواس یادو کے فرزند کمپنی کے ڈائرکٹر، کسانوں کے ساتھ بی آر ایس قائدین کا احتجاج مضحکہ خیز، 30 نومبر کو محبوب نگر میں کسانوں کا جلسہ عام
حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس حکومت کے ایک سالہ دور میں کسانوں اور زرعی شعبہ کی بھلائی کیلئے کئے گئے اقدامات کو عوام تک پہنچانے کیلئے 30 نومبر کو محبوب نگر میں کسانوں کا جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے زوم میٹنگ کے ذریعہ پارٹی قائدین سے 30 نومبر کے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ زوم اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ اور محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے صرف 12 ماہ میں عوام کی بھلائی کیلئے تاریخی قدم اٹھائے ہیں۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ کئی فلاحی اقدامات کئے گئے اور تلنگانہ ملک کیلئے مثالی ریاست بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ایک سال کی تکمیل کے ضمن میں 30 نومبر کو محبوب نگر میں ریتو اُتسوم کے بڑے پیمانے پر انعقاد کے سلسلہ میں پارٹی قائدین کو متحرک کیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں اپنی نوعیت کی کسانوں کا یہ تاریخی جلسہ عام رہے گا۔ عوامی نمائندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہر دیہات سے کسانوں کی شرکت یقینی بنائیں۔ وزیر زراعت ناگیشور راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے کسانوں کے قرض معافی کے علاوہ دیگر وعدوں پر عمل کیا ہے۔ محبوب نگر میں 30 نومبر کو کسان حکومت سے اپنی وابستگی کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں تین روزہ شعور بیداری مہم چلائی جائے گی۔ اضلاع میں انچارج وزراء اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر کے جلسہ عام میں ریاست بھر سے کسان شرکت کریں گے۔ مہیش کمار گوڑ نے بی آر ایس پر الزام عائد کیا کہ دس سالہ اقتدار میں مخالف کسان پالیسیوں پر عمل کرنے والے قائدین آج کسانوں سے جھوٹی ہمدردی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالف کسان اسکیمات پر بی آر ایس نے عمل کیا تھا۔ نرمل میں ایتھنال کمپنی کے قیام پر کسانوں کے احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ نرمل ضلع کے دلاور پور میں بی آر ایس حکومت نے 7 جولائی 2023 کو ایتھنال کمپنی کے قیام کی منظوری دی تھی۔ سابق وزیر سرینواس یادو کے فرزند ٹی سائی کرن یادو کمپنی کے ڈائرکٹر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزاسٹر ریسپانس ڈپارٹمنٹ نے پراجکٹ کی منظوری دی جس کے تحت 18.351 ایم سی اے ٹی پانی کے استعمال کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایتھنال کمپنی کی اجازت بی آر ایس حکومت نے دی تھی لیکن آج وہی قائدین کسانوں کے ساتھ احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کیا صورت لے کر کسانوں کو مشتعل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دلاور پور کے کسانوں کو کمپنی کے بارے میں بی آر ایس سے سوال کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دلاور پور میں بی آر ایس قائدین کو مباحث کیلئے تیار ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی قائم کرنے والے بی آر ایس قائدین ہیں اور اجازت کے ٹی آر اور کے سی آر نے دی ہے۔ اس معاملہ سے کانگریس کا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کو کمپنی کے معاملہ میں تنقید کیلئے شرم آنی چاہیئے۔ بی آر ایس نے جس کمپنی کی اجازت دی تھی اسی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کانگریس حکومت کو ذمہ دار قرار دینے کی کوشش افسوسناک ہے۔ 1