نلگنڈہ۔26 اپریل(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ملک گیر مردم شماری 2027 کے سلسلے میں نلگنڈہ شہر میں خود اندراج (سیلف انیومریشن) مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت شہریوں کو گھر بیٹھے اپنی معلومات آن لائن درج کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔میونسپل حکام کے مطابق میئر بوری چیتنیہ سرینواس ریڈی نے اپنے خاندان کی تفصیلات خود درج کر کے مہم کا افتتاح کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ 26 اپریل سے 10 مئی تک جاری رہنے والی اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے اعداد و شمار مستقبل میں حکومتی اسکیموں اور عوامی فلاحی منصوبوں کی بنیاد بنتے ہیں اس لیے ہر شہری کی شرکت ضروری ہے۔مونسپل کمشنر بی۔ شرت چندر اور دیگر عہدیدار وں نے بھی مختلف عوامی نمائندوں کے گھروں کا دورہ کر کے خود اندراج کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس دوران ڈپٹی میئرمحمد اشرف علی عامر اور دیگر کارپوریٹرس نے بھی خود اندراج مکمل کرتے ہوئے عوام کو اس عمل کی اہمیت سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ شہری صرف چند منٹوں میں آن لائن رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں اور رجسٹریشن کے بعد حاصل ہونے والا حوالہ نمبر محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ کسی بھی قسم کی رہنمائی کے لیے شہری میونسپل دفتر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔کمشنرمونسپل کارپوریشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر مردم شماری 2027 کو کامیاب بنائیں۔