نندی گرام کا کانگریس امیدوار3 اکتوبر تک عدالتی تحویل میں

   

کولکاتہ۔19؍ستمبر ( ایجنسیز)نندی گرام ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار ملن پردھان کو جمعہ کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔ اب انہیں 3 اکتوبر تک عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ ایسے میں ان کیلئے انتخابی مہم میں براہِ راست حصہ لینے پر سوالات اٹھ رہے ہیں کیونکہ 4 اکتوبر انتخابی مہم کا آخری دن ہے۔ اس سے قبل ممتا بنرجی خیمے کی امیدوار سنچیتا پردھان ڈے نے چیف منسٹر شوبھندو ادھیکاری سے ملاقات کے بعد اپنے نامزدگی واپس لے لی تھیں ۔ اس کے بعد ممتا بنرجی نے کانگریس امیدوار ملن پردھان کی حمایت کا اعلان کیا۔پولیس کے مطابق ملن پردھان کو پرانے مقدمات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے خلاف چار گرفتاری وارنٹ جاری کیے گئے تھے جن میں تین قتل کے مقدمات اور ایک آرمز ایکٹ سے متعلق مقدمہ شامل ہے۔ راہول گاندھی نے ملن پردھان کی گرفتاری پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر الزام عائد کیا کہ یہ گرفتاری کوئی اتفاق نہیں بلکہ سیاسی انتقام ہے اور اسے جمہوریت کا قتل قرار دیا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کو منصفانہ انتخابات پر اعتماد نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی انتخاب لڑنے کے بجائے انتخابی مقابلہ ختم کرنا چاہتی ہے۔