نیپال میں حیض والی خواتین کو علحدہ رکھنے کا شاخسانہ ایک خاتون فوت، دیور گرفتار

   

کھٹمنڈو ۔ 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیپالی پولیس نے ایک خاتون کے دیور کو ایک ایسے معاملہ میں گرفتار کیا ہے جو نیپال میں ممنوعہ روایتوں پر عمل آوری کرنے کا نتیجہ ہے۔ نیپال کی مختلف کمیونٹیز میں ایسی خواتین کو ناپاک تصور کیا جاتا ہے جو ’’حیض‘‘ سے متاثر ہوتی ہیں اور انہیں مکان کے دیگر اراکین سے دور ایک علحدہ جھونپڑی میں رکھا جاتا ہے۔ صدیوں پرانی اس روایت کو وہاں ’’چھوپاڑی‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس روایت پر عمل کرنے کی وجہ سے ہر سال متعدد خواتین علحدہ جھونپڑی میں دھویں کی بہت زیادہ مقدار پھیپھڑے میں چلے جانے (کیونکہ وہ جھونپڑی کو گرم رکھنے کیلئے آگ جلاتی ہیں)، جنگلی جانوروں کا شکار یا پھر سانپ کے ڈس لینے سے فوت ہوجاتی ہیں۔ اتوار کو 21 سالہ پربتی بودا راوت اسی نوعیت کی ایک جھونپڑی میں جہاں دھواں بھرا ہوا تھا، مردہ پائی گئی تھی۔