وارانسی میں مجوزہ ’سیوا سنکلپ یاترا‘ میں شاہ اور یوگی کی شرکت کا امکان

   

وارانسی۔ 19 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر کاشی سے وڈنگر کے لیے شروع ہوئی ‘سیوا سنکلپ بائیک یاترا’ کا اختتام 7 اکتوبر کو وارانسی میں ہوگا۔ یاترا کے وارانسی پہنچنے پر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے اس کے استقبال کیے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق، استقبالیہ تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور برجیش پاٹھک کی بھی شرکت کا امکان ہے ۔ گجرات سے وارانسی پہنچنے والے ‘سیوا یاتری’ مختلف ندیوں سے لائے گئے پانی سے بابا وشوناتھ کا جل ابھیشیک کریں گے ۔ اس سے قبل 17 ستمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر وارانسی سے وڈنگر کے لیے شروع ہوئی اس یاترا کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔ اس یاترا کا مقصد خدمت، سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے پیغام کے ساتھ کاشی اور وڈنگر کو جوڑنا ہے ۔ یاترا میں شامل بائیک سوار مختلف مقامات سے ہوتے ہوئے گجرات کے وڈنگر اور وہاں سے دوبارہ وارانسی کے لیے روانہ ہوں گے ۔