فیورگولی متعارف، ڈاکٹرس سے مشورہ کے بعد استعمال لازمی
حیدرآباد۔وبائی امراض کے علاج کیلئے ادویات بنانے والی کمپنی ہیترو کی جانب سے ریمیڈی سیور کے بعد اب ایک جنرک دوا بشکل گولی تیار کی گئی ہے جس کا نام
Favivir
دیا گیا ہے۔ ہیترو کی جانب سے تیارکردہ اس گولی کی قیمت 59 روپئے رکھی گئی ہے اور اس گولی کو ڈاکٹر کی تجویز کے ساتھ استعمال کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ کورونا وائرس وباء کے بعد سے ہیترو نے ریمیڈی سیور نامی انجکشن تیار کیا گیا تھا اور یہ انجکشن وبائی امراض بالخصوص کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے بے انتہاء کارگر ثابت ہورہی تھی ۔ ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا کی جانب سے ہیتر و کو نئی دوا ویوی ویر کی تیاری اور بازار میں فروخت کی اجازت فراہم کردی گئی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریمیڈی سیور انجکشن کے استعمال اور طلب میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے کمپنی نے جنرک ادویات جو کہ کم قیمت کی ہوتی ہیں اسے مدنظر رکھتے ہوئے نئی دوا تیار کی ہے جس کی قیمت فی گولی 59 روپئے ہے۔ ریمیڈی سیور انجکشن کے حصول کیلئے مریض کو ڈاکٹر کے تجویز کردہ پرچی کے علاوہ آدھار کارڈ اور دیگر تفصیلات فراہم کرنی پڑرہی تھیں لیکن اس دوا کے حصول کیلئے ایسا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ملک میں کئی ادویات ساز کمپنیوں کی جانب سے کورونا وائرس کی دوا کی تیاری کیلئے تجربات جاری ہیں اور کہا جارہاہے کہ جلد ہی ہندستان میں کورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے انجکشن کی ایجاد حقیقت بن جائے گی لیکن اس انجکشن کی تیاری تک ان ادویات کا استعمال تیزی سے جاری ہے جو کہ ہیترو کی جانب سے تیار کی گئی ہیں۔