Tuesday , August 20 2019

ورلڈکپ کو بدعنوانیوں سے پاک رکھنے خصوصی کارڈ کا استعمال

لندن۔11 جون (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے دوران کرپشن سے نمٹنے کیلئے نیا منصوبہ تیار کر لیا۔ کھلاڑیوں، عہدیداروں اور منتظمین کو نقد کے بجائے خصوصی ڈیبٹ کارڈز استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق میگا ایونٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھلاڑیوں، ٹیموں کے عہدیداروں، امپائرز، میچ ریفریز اور ٹورنمنٹ سے وابستہ دیگر افراد کو ڈیلی الاؤنس کی مد میں نقد رقم میں ادائیگی نہیں کی جارہی ہے۔ہر شخص کو ایک ڈیبٹ کارڈ جاری کیا گیا ہے جس میں ان کے ڈیلی الاؤنس کے مساوی رقم موجود ہے۔ذرائع کے مطابق ٹورنمنٹ میں شریک کھلاڑیوں اور عہدیداروںکو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نقد رقم یا بینک چیک استعمال کرنے سے گریزکریں اور جہاں رقم کی ادائیگی کرنا ہوتو وہاں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ڈیبٹ کارڈ زکا استعمال کیا جائے۔کارڈ زکے استعمال سے منتظمین اور آئی سی سی کے تفتیش کاروں کو یہ بھی معلوم ہو سکے گا کہ کب، کہاں اور کس کے ساتھ رقم کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ اس بارے میں مزید تحقیق کیلئے اس جگہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد بھی لے جاسکے گی۔ذرائع نے کہا ہے کہ آئی سی سی اور انگلش بورڈ کی کوشش ہے کہ کرکٹ میں بڑھتی ہوئی کرپشن کو روکنے کیلئے کھلاڑیوں، عہدیداروں اور دیگر افراد کو نقد میں ادائیگی نہ کی جائے۔ ورلڈ کپ کے دوران ہر ٹیم کو اس کے ڈیلی الاؤنس کے مساوی کریڈٹ حد دی گئی ہے اور ہر کارڈ میں چھ جولائی تک ہونے والے گروپ میچوں تک کریڈٹ حد دی گئی ہے اور یہ کارڈز اگست تک استعمال کئے جاسکیں گے۔ کھلاڑی ریسٹورنٹس اور شاپنگ کیلئے ان ڈیبٹ کارڈز کو ہی استعمال کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT