ورلڈ چمپئن نکہت زرین کو 2 کروڑ روپئے کا چیک

   

حیدرآباد ۔ 9 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت یرڈی نے باکسنگ کی دنیا میں تلنگانہ کا سر فخر سے بلند کرنے والی باکسر نکہت زرین کو 2 کروڑ روپئے کا چیک پیش کرتے ہوئے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہیکہ ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والی باکسر نکہت زرین نے قومی اور بین الاقوامی باکسنگ کے مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے اپنی کامیابی کے ذریعہ تلنگانہ کا نام روشن کیا ہے۔ ورلڈ چمپئن نکہت زرین نے کامن ویلتھ گیمس میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نکہت زرین کو پیارس اولمپکس کی تیاری کیلئے 2 کروڑ روپئے کا چیک پیش کیا ۔جس پر نکہت زرین نے حکومت اور چیف منسٹر سے اظہارتشکر کرتے ہوئے باکسنگ کی دنیا میں تلنگانہ کا نام روشن کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر عبوری اسپیکر اکبرالدین اویسی، ڈپٹی چیف منسٹر ملوبٹی وکرامارک، ریاستی وزراء کونڈا سریکھا اور سیتااکا کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ن