نئی دہلی، 30 اگست (یواین آئی) ازبکستان نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اتوار کے روز ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز ‘اولی دارا جالی دوستلک’ سے سرفراز کیا۔ازبکستان کے دو روزہ دورے پر گئے مودی کو صدر شوکت مرزایایوف نے تاشقند میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ بات چیت کے بعد اس اعزاز سے نوازا۔ یہ اعزاز ہندستان اور ازبکستان کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مضبوط بنانے اور دوستی کو مزید گہرا کرنے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے ۔مودی نے اس اعزاز کو دونوں ملکوں کے درمیان دیرپا تعلقات کے نام وقف کیا اور اسے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان جڑے ہوئے گہرے دوستانہ رشتوں کا عکس قرار دیا۔انہوں نے اعزاز حاصل کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ “‘اولی دارا جالی دوستلک’ اعزاز حاصل کر کے میں فخر محسوس کر رہا ہوں۔ میں اسے ہندستان اور ازبکستان کے درمیان دیرپا رشتے کے نام وقف کرتا ہوں۔اس سے پہلے ، دونوں لیڈران نے وفد کی سطح پر مذاکرات کیے اور دو طرفہ تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا، نیز ہند-ازبکستان شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کیلئے نئے راستے تلاش کیے ۔ انہوں نے اقتصادی رابطہ کاری، علاقائی رابطوں اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تعاون سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووبھال اور متعدد سینئر ہندستانی حکام بھی موجود تھے ۔
شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کا آج آغاز
نئی دہلی ۔30؍اگست ( ایجنسیز ) وزیر اعظم مودی31 اگست کو، اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں جمہوریہ کرغزستان کے بشکیک پہنچیں گے جہاں شنگھائی تعاون تنظیم کا 26 واں سربراہی اجلاس شروع ہورہا ہے۔ تنظیم اپنی 25 ویں سالگرہ منا رہی ہے۔ ہندوستان، 2017 سے اس کا فْل ٹائم رکن ہے۔ اس پلیٹ فارم سے وزیر اعظم مودی دنیا کے سامنے اپنی تین اہم ترجیحات سیکورٹی، کنیکٹیویٹی اور مواقع کا روڈ میپ پیش کریں گے۔ سربراہی اجلاس میں سیکورٹی کے حوالے سے ہندوستان کا موقف واضح اور جارحانہ ہوگا۔ خارجہ سکریٹری (مغرب) سی بی جارج نے واضح کیا ہے کہ ہندوستان دہشت گردی اور سرحد پار دہشت گردی پر صفر برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا رہے گا۔ ہندوستان کا ماننا ہے کہ دہشت گردی پوری انسانیت کیلئے ایک خطرہ ہے۔ بشکیک کے پلیٹ فارم سے ہندوستان عالمی برادری کو ایک مضبوط پیغام دے گا کہ دہشت گردی کو پناہ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔دوسری طرف اس موقع پر وزیر اعظم مودی اور روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کی ملاقات بھی متوقع ہے۔
بیٹیوں کے خوابوں کی پرواز خلاء تک پہنچ رہی ہے :وزیراعظم مودی
نئی دہلی، 30اگست (یواین آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہیکہ آج ہندوستان کی بیٹیوں کے خوابوں کی اڑان زمین سے نکل کر خلاء تک پہنچ رہی ہے ۔مودی نے اپنے ماہانہ پروگرام ‘من کی بات’ میں اتوار کے روز بیٹیوں کی بڑھتی ہوئی خلائی امنگوں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں ان کی شرکت کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کی بیٹیوں کے خوابوں کی اڑان زمین سے نکل کر خلا تک پہنچ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کوشش کا نام ‘مشن شکتی سیٹ’ ہے ۔ اس کے ذریعے 108 ممالک کی 12 ہزار طالبات کو سیٹلائٹ ٹیکنالوجی سیکھنے اور جدت طرازی کے شعبے میں آگے بڑھنے کا موقع مل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہل طالبات کو خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ 23 اگست کو قومی خلائی دن کے موقع پر اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں واقع گوتم بدھ یونیورسٹی میں ‘مشن شکتی سیٹ’ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر ہندوستان اور دنیا کے مختلف ممالک سے آئی ہوئی تقریباً 100 طالبات ایک ساتھ جمع ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کے دور دراز علاقوں سے منتخب کی گئی طالبات بھی اس پہل میں حصہ لے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پوری کوشش کا مقصد انتہائی خاص ہے۔ طالبات کی شرکت سے تیار کیے جانے والے ایک سیٹلائٹ کو چاند کی مدار میں بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ وزیراعظم نے اعتماد کا اظہار کیا کہ اس پہل سے جڑی متعدد طالبات آنے والے وقت میں سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کے شعبے میں اپنی نئی پہچان بنائیں گی۔
ملک میں بنا سامان خریدیں، ’ووکل فار لوکل‘کو بنائیں عوامی مہم:مودی
نئی دہلی، 30 اگست (یواین آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے اہل وطن سے ‘ووکل فار لوکل’ مہم کو ایک وسیع عوامی تحریک بناتے ہوئے آنے والے تہواروں کے دوران ملک میں بنے سامان کو اہمیت دینے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ خودکفیل ہندوستان کا راستہ دیسی مصنوعات پر فخر کرنے سے ہی ہموار ہوگا۔مودی نے اتوار کو آل انڈیا ریڈیو سے نشر ہونے والے اپنے ماہانہ پروگرام ‘من کی بات’ کی 137ویں قسط میں کہا کہ تہوار نہ صرف ملک کی روایتوں کا حصہ ہیںبلکہ یہ تہوار لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں جنم اشٹمی، وشوکرما پوجا اور دیوالی جیسے اہم تہوار منائے جائیں گے ۔ وشوکرما پوجا کے موقع پر لوگوں کو اپنے آس پاس کے کاریگروں، دستکاروں اور وشوکرما ساتھیوں کا احترام کرنا چاہیے ۔وزیراعظم نے کہا کہ دیوالی کی تیاریاں بھی آہستہ آہستہ شروع ہو رہی ہیں اور تہواروں کے اس موسم میں وہ ایک بار پھر اہل وطن سے ‘ووکل فار لوکل’ کو اپنانے کی اپیل کرتے ہیں۔ ‘ووکل فار لوکل’ کا مطلب صرف مٹی کے دیے خریدنا نہیں ہے بلکہ اس کا نقطہ نظر بہت وسیع ہے ۔