پونم پربھاکر کا مطالبہ ، تلگو ریاستوں کے ساتھ یکساں سلوک کی ضروررت
حیدرآباد ۔6۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ 10 مئی کو دورہ حیدرآباد کے موقع پر گزشتہ 12 برسوں میں تلنگانہ کی ترقی کے حق میں اقدامات کی وضاحت کریں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ حیدرآباد کے انچارج وزیر کی حیثیت سے وہ وزیراعظم نریندر مودی کا استقبال کریں گے اور یہ ایک سیاسی اور دستوری ذمہ داری ہے۔ کانگریس پارٹی کے قائد اور ریاستی وزیر کی حیثیت سے وہ وزیراعظم سے سوال کرتے ہیں کہ گزشتہ 12 برسوں میں تلنگانہ کیلئے کیا اقدامات کئے۔ کے سی آر نے 10 سالہ دور حکومت میں کیا مرکزی حکومت سے پراجکٹس اور فنڈس کیلئے نمائندگی نہیں کی تھی۔ وفاقی نظام میں وزیراعظم اور چیف منسٹر کے درمیان بہتر روابط کی ضرورت ہے اور سیاست سے بالاتر ہوکر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایک سے زائد مرتبہ تلنگانہ کے مسائل پر وزیراعظم سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے پراجکٹس اور فنڈس کیلئے وزیراعظم کے علاوہ مرکزی وزراء سے بھی بارہا نمائندگی کی گئی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلگو ریاستوں میں تلنگانہ کے ساتھ مرکز کا رویہ جانبدارانہ ہے جبکہ آندھراپردیش کو درکار فنڈس جاری کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ تلنگانہ کے دونوں مرکزی وزراء فنڈس کے حصول کے معاملہ میں خاموش ہیں ، ان دونوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ 8 ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ مرکز سے نمائندگی کریں۔ مرکزی حکومت کو ریاست کی ترقی میں دیگر ریاستوں کی طرح مدد کرنی چاہئے ۔ تلنگانہ جدوجہد کے دوران بی جے پی نے ایک ووٹ دو ریاستوں کا نعرہ لگایا تھا لیکن ریاست کی تقسیم کے بعد تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے ۔ ریاست کی تقسیم کو ملک کی تقسیم سے جوڑنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ بی جے پی رکن کے بیان پر پارٹی قیادت خاموش کیوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے خلاف بیان پر کے ٹی آر کو معذرت خواہی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور فلاح و بہبود میں تلنگانہ ملک کی دیگر ریاستوں میں سرفہرست ہے۔ عوام نے اسمبلی ، لوک سبھا ، ضمنی چناؤ ، پنچایت راج اور مجالس مقامی کے انتخابات میں بی آر ایس کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کے ٹی آر کو مشورہ دیا کہ وہ راہول گاندھی کے بارے میں اظہار خیال کے وقت زبان پر قابو رکھے ورنہ کانگریس کارکن موثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔1/k/m/b