بودھن۔/7 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے تیار کئے جارہے مسودہ وقف ترمیمی بل 2024 کی بودھن کے مسلمانوں کی جانب سے سخت مخالفت کی جارہی ہے۔ جمعہ کے روز جمعیۃ العلماء ہند شاخ بودھن کے صدر مفتی جابر احمد اشاعتی اور جنرل سکریٹری مفتی عماد اللہ بیگ قاسمی کی قیادت میں بعد نماز جمعہ ائمہ مساجد و علماء کرام ، جمعیۃ العلماء کے ارکان اور معزز مسلمانوں پر مشتمل ایک وفد سب کلکٹر آفس بودھن پہنچ کر سب کلکٹر ویگس مہنتو سے ملاقات کرکے انہیں مسلمانوں میں پھیلی ہوئی بے چینی سے واقف کروایا اور بودھن کے مسلمانوں کی وقف ترمیمی بل 2024 کے تعلق سے پائے جانے والے خدشات سے پارلیمانی کمیٹی جے پی سی اور حکومت ہند کو واقف کروانے کی خواہش کی اور اس بل سے دستبردار ہونے کی بودھن کے مسلمانوں کی درخواست کو ارباب مجاز تک پہنچادینے کی گذارش کی اور ایک یادداشت سب کلکٹر کو پیش کی۔ چیرپرسن معاذ بن جبل اسکول مولانا محمد عبدالمجید السائح قاسمی وغیرہ نے بھی اپنے ایک علحدہ پریس نوٹ میں وقف ترمیمی بل2024 کی مخالفت کرنے بودھن کی عوام الناس سے اپیل کی اور اس ضمن میں میل اور کیو آر کوڈ کے ذریعہ اپنی درخواستیں اربا ب مجازتک روانہ کرنے کی اپیل کی۔