وقف بورڈ کے نکاح نامہ میں اُردو کے ساتھ انگریزی شامل کرنے کی ضرورت

   

صدرنشین وقف بورڈ کو جناب عامر علی خاں کا مکتوب، پاسپورٹ اور ویزا کی کارروائی میں سہولت
حیدرآباد 10 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے جاری کئے جانے والے نکاح نامہ میں عاقدین، گواہوں اور دیگر تفصیلات اُردو زبان میں درج کی جاتی ہیں۔ ایسے خاندان جو اُردو سے ناواقف ہیں اُنھیں اُردو کے ساتھ انگریزی میں تفصیلات درج کرنے پر سہولت ہوگی۔ جناب عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل نے صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی کو مکتوب روانہ کرکے اِس جانب توجہ مبذول کرائی۔ حالیہ عرصہ میں بیرونی ممالک سے تعلق رکھنے والے کئی افراد نے جناب عامر علی خاں سے خواہش کی کہ نکاح نامہ میں تفصیلات اُردو کے علاوہ انگریزی میں شامل کرنے کے لئے وقف بورڈ حکام کو توجہ دلائیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ نکاح نامہ کی بنیاد پر کئی سرکاری اُمور کی تکمیل کی جاتی ہے لہذا نکاح نامہ میں اُردو کے ساتھ انگریزی میں بھی تفصیلات کو درج کیا جائے۔ جناب عامر علی خاں نے مکتوب میں کہاکہ وقف بورڈ سے میریج سرٹیفکٹ کی انگریزی میں اجرائی کے خواہشمندوں سے درمیانی افراد رجوع ہوکر بھاری رقومات حاصل کررہے ہیں۔ قضاء ت کے اُمور میں درمیانی افراد کے رول کو ختم کرتے ہوئے شفافیت کے ساتھ میریج سرٹیفکٹ کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے۔ جناب عامر علی خان نے کہاکہ نکاح نامہ میں ضروری صفحات کا اضافہ کرتے ہوئے اُردو کے ساتھ ساتھ انگریزی میں بھی تفصیلات درج کی جائیں تاکہ اُردو سے ناواقف دونوں خاندانوں کو سہولت ہو۔ اُنھوں نے کہاکہ نکاح کی تاریخ، عاقدین کے نام اور اُن کی تفصیلات کے انگریزی زبان میں اندراج سے پاسپورٹ، ویزا اور دیگر اہم سہولتوں کے حصول میں آسانی ہوگی۔ جناب عامر علی خاں نے صدرنشین وقف بورڈ سے خواہش کی کہ اِس سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کرکے نکاح نامہ میں انگریزی میں تفصیلات کی شمولیت کو یقینی بنائیں۔ 1