وقف جائیدادوں کو تباہی سے بچانے کی ہدایت

   

چیف منسٹر کے سی آر سے چیرمین وقف بورڈ مسیح اللہ خاں کی ملاقات ، تبرکات کی پیشکشی
حیدرآباد۔26۔مئی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں صدرنشین وقف بورڈ منتخب کئے جانے پر اظہار تشکرکیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی بھی پرگتی بھون میں موجود تھے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے محمد مسیح اللہ خان کو پوری محنت اور لگن کے ساتھ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے کام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ ریاست بھر میں موجود اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے اور اوقافی جائیدادوں کی تباہی کی صورت میں قطعی خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تیقن دیا کہ وقف بورڈ کو حکومت اور تمام محکمہ جات کا مکمل تعاون حاصل رہے گااور کسی بھی طرح کی مدد کے لئے وہ ہمہ وقت دستیاب رہیں گے۔ جناب محمد مسیح اللہ خان کی چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے انہیں بے خوف و خطر اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے وقف بورڈ کے تحت موجود جائیدادوں کے تحفظ کے معاملہ میں کسی قسم کی مفاہمت نہیں کرے گی ۔مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی بنگلورو روانگی سے قبل ہوئی اس ملاقات کے دوران صدرنشین بورڈ نے چیف منسٹر کو اس بات کا تیقن دیا کہ ان پر جو اعتماد کیا ہے وہ اس اعتماد پر اترنے کی کوشش کریں گے اور ممکنہ حد تک بورڈ کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے حکومت سے تعاون حاصل کرتے رہیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ صدرنشین وقف بورڈ نے چیف منسٹر سے دیگر امور کے متعلق بھی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے ان میں بہتری لانے کے لئے تجاویز حاصل کیں۔ انہو ںنے چیف منسٹر کو اس ملاقات کے دوران عمرہ سے واپسی کے تبرکات پیش کئے جسے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے احترام کے ساتھ قبول کیا۔م