نئی دہلی : ہریانہ اسمبلی انتخابات میں خاتون ریسلر اور کانگریس امیدوار ونیش پھوگٹ نے کامیابی حاصل کرلی ۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار کو حلقہ اسمبلی جولانہ میں شکست سے دوچار کردیا ۔ ونیش پھوگٹ نے سخت مقابلہ میں بی جے پی امیدوار یوگیش کمار بیراگی کو 6140 ووٹوں سے شکست دی ہے ۔ عالمی سطح کے مقابلوں میں فائنل میں رسائی کے باوجود مقابلہ میں حصہ لینے سے محروم ونیش پھوگٹ نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ انہیں کانگریس نے جولانہ سے ٹکٹ دیا اور اپنی پہلی کوشش میں وہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر پائیں۔ ونیش پھوگٹ نے ریسلنگ فیڈریشن کے سابق صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دست درازی کے الزامات عائد کرتے ہوئے طویل احتجاج بھی کیا تھا اور مرکزی حکومت کے سرد مہری والے رویہ پر تنقید بھی کی تھی ۔ ونیش نے حلقہ کے ووٹرس سے اظہار تشکر بھی کیا ہے ۔