کسی بھی وقت دھماکہ ہو سکتا ہے‘، پولیس کو سویتا بالاکرشنن کا ای میل
چنائی : اسکولوں و کالجوں میں بم دھماکہ کی ایک بار پھر دھمکی دی گئی ہے۔ اس مرتبہ معاملہ ٹاملناڈو میں سامنے آیا ہے جہاں تیروچیراپلی ضلع کے 2 نجی خود مختار کالجوں کے علاوہ 7 اسکولوں کو جمعرات کوای میل کے ذریعے بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔ پولیس کے مطابق سینٹ جوزف کالج اور ہولی کراس کالج کے علاوہ کیمپین اینگلو انڈین ہائیر سیکنڈری اسکول، سمدھا ہائیر سیکنڈری اسکول، مونٹفورٹ اسکول، آچاریہ شکشا مندر اسکول، راجم کرشنامورتی پبلک اسکول اور امرتا ودیالیم اسکول کو آج صبح ایک ای میل موصول ہوئی جس میں دھمکی دی گئی کہ وہاں کسی بھی وقت بم دھماکہ ہو سکتا ہے۔ان تعلیمی اداروں میں بم دھماکہ کی دھمکی کی خبر ملتے ہی سینئر پولیس افسران نے ٹاملناڈو بم ڈٹیکشن اینڈ ڈسپوزل اسکواڈ اور ٹاملناڈو فائر اینڈ ریسکیو سروسز ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کے ساتھ الگ الگ ٹیمیں تشکیل دیں۔ پھر ان ٹیموں نے متعلقہ تعلیمی اداروں کے احاطے کی مکمل تلاشی لی۔ اس تلاشی مہم میں کتوں کی بھی خدمات حاصل کی گئیں۔ فی الحال کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں ملا ہے تاہم چوکسی اختیار کی جاری ہے۔ ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس کو شبہ ہے کہ بم کی دھمکی محض افواہ ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ ای میل بھیجنے والے کا نام سویتا بالاکرشنن ظاہر کیا گیا ہے۔ سائبر کرائم ونگ پولیس کی جانب سے تفصیلی تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اصل بھیجنے والا کون ہے۔ یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے کہ کیا یہ ای میل مزید کسی تعلیمی ادارہ کو بھیجا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل 29 اگست کو ایروڈ میں مقیم انڈین پبلک اسکول اور سیلم، تیروچیراپلی اور ترونیل ویلی میں واقع اس کے کیمپس کو بم کی فرضی دھمکیوں کے ای میل موصول ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں مدورائی کے 4 سی بی ایس ای اسکولوں کو 30 ستمبر کو اسی طرح کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔