نئی دہلی، 20 اگست(آئی اے این ایس) ہندوستان کی ٹریسا جولی اورگایتری گوپی چند نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بی ڈبلیو ایف عالمی چمپئن شپ کے ویمنز ڈبلز کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ ہندوستانی جوڑی نے جمعرات کو اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں جاپان کی ساتویں سیڈ رن ایواناگا اور کی نکانیشی کو راست گیمز میں 21-16، 21-12 سے شکست دی۔دنیا میں 39 ویں نمبر پر موجود ٹریسا اورگایتری نے ایک مرتبہ پھر اپنی درجہ بندی سے کہیں بہترکھیل پیش کرتے ہوئے اعلیٰ درجے کی جاپانی جوڑی کو کوئی موقع نہیں دیا۔ ٹریسا نے کورٹ کے پچھلے حصے سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، جبکہ گایتری نے دفاع اور کورٹ کوریج میں اہم کردار ادا کیا۔ میچ کے دوران ٹریسا کو شٹل کے حوالے سے برتاؤ پر چیئر امپائرکی جانب سے انتباہ کے بعد زردکارڈ بھی دکھایا گیا، تاہم انہوں نے اپنی توجہ کھیل پر مرکوز رکھتے ہوئے جارحانہ انداز برقرار رکھا۔کوارٹر فائنل میں کامیابی ہندوستانی جوڑی کو سیمی فائنل میں پہنچا دے گی اور اس کے ساتھ ہی عالمی چمپئن شپ میں ہندوستان کے لیے ایک اور میڈل یقینی ہوجائے گا۔ ٹریسا کی انجری کے باعث دونوں کھلاڑی تقریباً تین ماہ تک ایک ساتھ مقابلوں سے دور رہی تھیں۔اگست میں فلپائن انٹرنیشنل ٹورنمنٹ جیتنے کے بعد انہوں نے اپنی فارم اور اعتماد دوبارہ حاصل کیا اور اب عالمی چمپئن شپ میں شاندار واپسی کی ہے اور میڈل کی امیدوں کو مستحکم کردیا ہے ۔