ٹوکیو اولمپک،بیرونی شائقین کو جاپان آنے کی اجازت نہیں!

   

ٹوکیو ۔ جاپان میں ایک مطالعہ کے مطابق 75 فیصد جاپانی عوام ٹوکیو اولمپکس میں بیرونی ممالک کے شائقین کی ملک آمد کے مخالف ہیں تاہم اس حوالے سے منتظمین کو ابھی حتمی فیصلہ کرنا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے روزنامہ یومیوری شمبن کے حوالے سے کہا ہے کہ سروے میں صرف 18 فیصد افراد نے بیرون ملک شائقین کو یہ مقابلے دیکھنے کی اجازت دینے کی حمایت کی ہے۔منتظمین نے اس ضمن میں کہا ہے کہ وہ غیر ملکی شائقین کو اولمپکس مقابلے دیکھنے کی اجازت دینے یا نہ دینے کے بارے میں فیصلہ رواں ماہ کریں گے۔دوسری جانب جاپانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ حکام نے پہلے ہی فیصلہ کر لیا ہے کہ اولمپکس کے لئے غیر ملکی تماشائیوں کو جاپان آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔رواں برس جنوری میں کیے گئے ایک پول کے مطابق جاپان میں اولمپکس کی عوامی حمایت میں کمی آئی ہے جبکہ ایک اور پول کے مطابق 80 فیصد سے زائد افراد نے کہا ہے کہ گیمز کو منسوخ یا دوبارہ سے ملتوی کر دینا چاہیے۔ جاپان کے وزیر برائے ایڈمنسٹریٹو اور ریگولیٹری ریفارمز تارو کونو نے کہا ہیکہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کے ساتھ کچھ بھی ہوسکتا‘ ہے۔تاہم انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے سربراہ تھامس بیخ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے والے ٹوکیو اولمپکس رواں سال موسم گرما میں منعقد ہوں گے اور اس حوالے سے کوئی پلان بی نہیں ہے اور یہ مقررہ وقت پر ہوں گے ۔