کانگریس کارکنوں نے سبیتا اندرا ریڈی کا قافلہ روکدیا
حیدرآباد۔10۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ٹیچرس اہلیتی امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کارکنوں نے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے قافلہ کو روک لیا۔ میر پیٹ علاقہ میں سبیتا اندرا ریڈی کے قافلہ کی روانگی کے دوران این ایس یو آئی کے کارکن اچانک سڑک پر آگئے اور امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔ ریلوے رکروٹمنٹ بورڈ اور ٹیچرس اہلیتی امتحانات کے ایک ہی دن انعقاد کے نتیجہ میں امیدواروں کو دشواریوں کا حوالہ دیتے ہوئے ریاستی حکومت کے تحت موجود ٹیچرس اہلیتی امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ این ایس یو آئی کارکن وزیر تعلیم کو یادداشت پیش کرنا چاہتے تھے لیکن پولیس نے اجازت نہیں دی۔ این ایس یو آئی کارکنوں کو قافلہ سے علحدہ کردیا گیا اور سبیتا اندرا ریڈی ملاقات کئے بغیر روانہ ہوگئیں۔ این ایس یو آئی کے صدر ضلع رنگا ریڈی وشنو وردھن ریڈی اور دیگر کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ این ایس یو آئی کارکنوں کا کہنا ہے کہ حکومت طلبہ اور نوجوانوں کے حق میں فیصلہ کرنے سے گریز کر رہی ہے۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ٹوئیٹر پر ٹیچرس اہلیتی امتحان ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے رکروٹمنٹ بورڈ اور ٹیچرس اہلیتی امتحان میں امیدواروں کو شرکت کی سہولت فراہم کرنے ریاستی حکومت اپنا امتحان ملتوی کرے۔