پانچ برسوں میں ایک بھی ٹیچر کی جائیداد پر تقرر نہیں

,

   

8 ہزار سے زائد منتخب امیدوار احکامات کے منتظر ، ومشی چندر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 17۔جون (سیاست نیوز) اے آئی سی سی کے سکریٹری ومشی چندر ریڈی نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ ریاست میں اساتذہ کی تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے کل کابینی اجلاس میں فیصلہ کریں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ومشی چندر ریڈی نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں کے سی آر نے ایک بھی ٹیچر کے عدم تقرر کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ سرکاری مدارس میں اساتذہ کی کمی ہے لیکن چیف منسٹر کو اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات سے کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آر ٹی کے منتخب امیدواروں کو تقررات کا انتظار ہے اور وہ طویل انتظار سے عاجز آکر خودکشی کی دھمکی دے رہے ہیں۔ منتخب امیدواروں نے پرگتی بھون کا گھیراؤ کیا اور مختلف احتجاجی پروگرام منظم کئے لیکن حکومت بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ کل کے کابینی اجلاس میں تقررات کا فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ 8792 اساتذہ کی جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا اور امتحانات منعقد ہوئے۔ سرٹیفکٹس کی جانچ کے باوجود تقرر کے احکامات جاری نہیں کئے گئے۔ منتخب امیدوار اور ان کے افراد خاندان معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 30,000 سے زائد اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادیں ہیں۔ حکومت کو ان جائیدادوں پر تقررات کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے ہوں گے۔ بصورت دیگر کانگریس پارٹی امیدواروں کی جانب سے احتجاج منظم کرے گی۔ ومشی چندر ریڈی نے کہا کہ پانچ لاکھ سے زائد بیروز گار نوجوان ملازمتوں کا انتظار کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ تحریک کے دوران نوجوانوں کو روزگار کا وعدہ کیا تھا لیکن اقتدار حاصل ہوتے ہی اس وعدہ کو فراموش کردیا گیا ۔ ومشی چندر ریڈی نے کہا کہ چند قائدین کے پارٹی چھوڑنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ کانگریس آج یا کل کی پارٹی نہیں بلکہ ایک تاریخ رکھتی ہے۔ کانگریس پارٹی کی طاقت اس کے کارکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی چھوڑنے کے خواہاں قائدین پر کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔