پاک وزیر خارجہ کے سر پر 2 کروڑ روپئے انعام

   

بی جے پی کسان مورچہ قائد مانوپال بنسل کا اعلان
نئی دہلی :پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں قابل اعتراض ریمارکس کے خلاف ہندوستان کے مختلف شہروں میں شدید مظاہروں کیے جارہے ہیں۔ اتر پردیش میںبی جے پی کے ایک مقامی قائد نے کہا کہ وہ زرداری کا سر قلم کرنے والے کو 2 کروڑ روپے کا انعام دیں گے۔بی جے پی کسان مورچہ کے رہنما اور ضلع باغپت پنچایت کے رکن مانوپال بنسل نے باغپت میں کلکٹریٹ میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ بنسل نے کہا کہ بی جے پی کارکنان اور لیڈران بھٹو کے مودی کے خلاف بیان پر ناراض ہیں۔ میڈیا کے مطابق مانوپال بنسل نے کہا کہ میں نے انفرادی حیثیت میں انعام کا اعلان کیا ہے۔ بنسل نے کہا کہ میں فیصلہ کرتا ہوں کہ جو وزیر بلاول بھٹو کا سر، دھڑ سے الگ کرے گا، تو 2 کروڑ کا انعام میں دونگا۔ پی ٹی آئی نے بنسل کے حوالے سے کہا کہ اگر وہ ہمارے وزیر اعظم کے بارے میں ایسی باتیں کہتے ہیں، جن کی ہم بہت عزت کرتے ہیں، تو ہم ایسے شخص کو برداشت نہیں کریں گے۔ ہمیں اپنے وزیر اعظم کے ساتھ زبردست لگاؤ ہے اور اگر ہمیں ان کے لیے کچھ کرنا پڑے تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔اس ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (UNSC) کے اجلاس میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان شدید حملوں کا تبادلہ ہوا۔ پاکستانی وزیر خارجہ کے تبصرے نے ہفتے کے روز ملک بھر میں زبردست احتجاجی مظاہرے شروع کر دیے۔ بی جے پی نے یو این ایس سی میں وزیر اعظم مودی کے خلاف پاکستانی وزیر خارجہ کے ’غیر مہذب ریمارکس‘ کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا۔ملک بھر میں بی جے پی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور بھٹو کے پتلے جلائے اور اسلام آباد سے معافی کا مطالبہ کیا۔