پرتاپ گڑھ میں نوجوانوں کو رائفل کی تربیت ، 2 افراد گرفتار

   

پرتاپ گڑھ : اتر پردیش کے پرتاپ گڑھ ضلع میں پولیس نے کچھ نوجوانوں کو رائفل چلانے کی تربیت دینے والے دو افراد کو گرفتار کیا ہے ۔پولیس کے مطابق ضلع کے تھانہ کندھائی میں واقع ابراہیم پور گوپال پور گاؤں میں کچھ نوجوانوں کو رائفل چلانے کی تربیت دیے جانے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔ اس کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے جائے وقوع کی نشاندہی کی اور ملزم کو دیر شام گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق وائرل ویڈیو میں ایک گھر کے سامنے کھڑے تقریباً دو درجن لوگوں میں سے ایک کو رائفل کا بولٹ چڑھا کر کچھ نوجوانوں کو اس پر گولی چلانے کے حوالے کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔ ویڈیو میں تین افراد کو ایک ایک کرکے ہوا میں گولیاں چلاتے ہوئے دیکھا گیا ہے ۔ اس دوران لوگ عربی لباس پہننے والے شخص کو حبیبی کہہ کر مبارکباد بھی دے رہے ہیں۔معاملہ حکام تک پہنچنے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ستپال انٹیل نے بتایا کہ ابراہیم پور گوپال پور کی لائسنس یافتہ رائفل سے کچھ لوگوں کی فائرنگ کا ویڈیو وائرل ہوا ہے ۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے انتظار اور اس کے بھائی گلزار کو گرفتار کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی رائفل کا لائسنس منسوخ کرنے کی کارروائی کی جا رہی ہے ۔