پرجا پالنا درخواست فارمس کے سڑکوں پر بکھرنے کا ویڈیو

   

چیف منسٹر نے سخت نوٹ لیا ۔ بلدیہ کے دو ذمہ داران معطل
حیدرآباد 9 جنوری(سیاست نیوز) پرجاپالنا پروگرام کے تحت وصول کئے گئے درخواست فارمس کی خانگی ہاتھوں میں موجودگی اور منتقلی کے دوران فارمس کے سڑکوں پر بکھرجانے کے ویڈیو منظر عام پر آنے پرچیف منسٹر ریونت ریڈی نے سخت نوٹ لے کر ذمہ دار عہدیداروں اور ملازمین کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی جس کے بعد کمشنر بلدیہ حیدرآباد رونالڈ روس نے کاروائی کرتے ہوئے دو سپرنٹنڈنٹ جی ایچ ایم سی کو معطل کرنے احکام جاری کردیئے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے درخواست فارمس کی ڈاٹا انٹری کے نام پر منتقلی کے طریقہ کار پر برہمی ظاہر کرکے ذمہ دار عہدیدارو ںکے خلاف کاروائی کی ہدایت دی۔ چیف سیکریٹری نے بالا نگر فلائی اوور کے علاوہ دیگر مقامات پر خانگی افراد کے ہاتھوں میں نظر آنے والے درخواست فارمس کے سلسلہ میں تفصیلات حاصل کرنے کے بعد کمشنرجی ایچ ایم سی کو فوری اقدامات کی ہدایت دی۔ کمشنر بلدیہ نے چیف منسٹر و چیف سیکریٹری کی ہدایات کے ساتھ ہی فوری دو ملازمین کو معطل کرکے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ پرجاپالنا درخواست فارمس کو محفوظ رکھتے ہوئے ان کی ڈاٹا انٹری کے عمل کو مکمل کرنے کے اقدامات کریں۔ چیف منسٹر نے چیف سیکریٹری محترمہ شانتی کماری سے پرجاپالنا فارمس کی ڈاٹا انٹری کے متعلق تمام تفصیلات حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت دی او رکہا کہ چیف سیکریٹری خود ریاست بھر میں ان درخواست فارمس کی ڈاٹا انٹری کے عمل کی نگرانی کریں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر ان درخواست فارمس کی ڈاٹا انٹری میں کسی طرح کی کوتاہی کی جاتی ہے تو عہدیداروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔3