جاریہ ماہ نئی ٹیم کی تشکیل، چیف منسٹر ریونت ریڈی کابینہ میں تبدیلی کے حق میں نہیں
حیدرآباد۔ 3 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس اقتدار کو ڈھائی سال ہوچکے ہیں لیکن تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں آج بھی اہم عہدے اور کمیٹیاں تشکیل نہیں دی گئیں جس کے نتیجہ میں تنظیمی سطح پر کارکردگی متاثر ہوئی ہے۔ پارٹی ورکنگ صدور کا ہنوز تقرر نہیں کیا گیا کیونکہ جن ناموں کو پارٹی اور ہائی کمان سے قطعیت دی جارہی تھی ان پر اختلاف رائے پیدا ہوچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ورکنگ صدر کے طور پر پیش کئے گئے بعض ناموں کی مخالفت کی جس کے نتیجہ میں یہ معاملہ تعطل کا شکار ہوگیا۔ بتایا گیا کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک ورکنگ صدر کے علاوہ تشہیری کمیٹی صدر نشین کے علاوہ دیگر عہدوں کو پُر کردیا جائے گا۔ پارٹی حلقوں میں قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی جائیگی۔ دو مخلوعہ نشستوں کو پر کرنے کے علاوہ موجودہ وزراء میں بعض کو معذول کرکے نئے چہروں کو شامل کیا جاسکتا ہے۔ کل ہند کانگریس نے کابینہ میں توسیع اور تبدیلی پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مشاورت کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ توقع ہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر تک کابینہ میں نئے چہرے شامل کئے جائیں گے۔ کیرالا، ٹاملناڈو، مغربی بنگال، آسام اور پوڈوچیری نتائج کے بعد ہائی کمان تلنگانہ امور پر توجہ مرکوزکریگا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن کو توقع ہے کہ 6 مئی کو نئی دہلی طلب کیا جائے گا جہاں ورکنگ صدر کے ناموں کو قطعیت دی جائیگی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر موجودہ حالات میں کابینہ میں توسیع یا تبدیلی کے حق میں نہیں ہے لہذا ہائی کمان نے اس معاملہ میں چیف منسٹر کو اختیارات دیئے ہیں۔ جب کبھی توسیع کا مرحلہ پیش آئیگا اس وقت ہائی کمان سے مشاورت کی جائے گی۔ ورکنگ صدر عہدہ کیلئے مادیگا ایس سی کے علاوہ لمباڈا ایس ٹی اور مسلم اقلیت سے ناموں کو قطعیت دی جائے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے جاریہ ماہ مزید چند نائب صدور و سکریٹریز کے علاوہ ضلع کانگریس صدور کے انتخاب کا اشارہ دیا ہے۔ ورکنگ صدر کیلئے جو نام زیر غور ہیں ان میں اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار، بلرام نائک، محمد اظہر الدین، فہیم قریشی، عظمت اللہ حسینی اور فیروز خاں شامل ہیں۔ ریڈی طبقہ سے روہن ریڈی، کرن کمار ریڈی اور ومشی چند ریڈی میں کسی ایک کا انتخاب کیا جائے گا۔ سنگاریڈی کے سینئر لیڈر جگا ریڈی، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی اور انجن کمار یادو نے بھی اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ تشہیری کمیٹی کے صدر نشین مدھو یاشکی گوڑ کو اے آئی سی سی میں کوئی عہدہ دیئے جانے کا امکان ہے۔ 1؍F