نیشنل میڈیکل کمیشن سے اجازت طلب کرنے کی تیاری میں تیزی
حیدرآباد۔19۔ستمبر۔(سیاست نیوز) محکمہ صحت حکومت تلنگانہ ریاست میں پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرس کے لئے 3تا6ماہ کے ’روبوٹک سرجری ‘ کی تربیت کے لزوم کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔بتایاجاتاہے کہ ریاستی حکومت نے سرکاری دواخانو ں میں روبوٹک سرجری کے آغاز کی تیاریاں کی جانے لگی ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے تلنگانہ میں پوسٹ گریجویٹ طلبہ طب کو 3تا6 ماہ کی روبوٹک سرجری میں خصوصی تربیت کی فراہمی کے سلسلہ میں نیشنل میڈیکل کمیشن سے اجازت طلب کرنے کی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت نے شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے اضلاع میں ’’روبوٹک سرجری‘‘ کے فروغ کے لئے 15 روبوٹک سرجری کے آلات کی خریدی کا عمل بھی شروع کردیا ہے اور جلد ہی اس کی منظوری کے ساتھ ریاست کے بیشتر سرکاری دواخانوں میں روبوٹک سرجری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مطابق ریاست میں ’روبوٹک سرجری‘ کی مہارت رکھنے والے ڈاکٹرس کی تعداد میں اضافہ کے مقصد سے کئے جانے والے اقدامات کے تحت یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ طبی تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹرس جو پوسٹ گریجویشن کر رہے ہیں انہیں 3تا6ماہ کی لازمی تعلیم کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوسکے۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبہ میں متحدہ اضلاع میں موجود سرکاری دواخانوں کے علاوہ بعض دیگر مخصوص دواخانوں جیسے نیلوفر ہاسپٹل اور دیگر مقامات پر روبوٹک سرجری سسٹم روشناس کروایا جائے گا۔ بتایاجاتاہے کہ ابتداء میں ریاست کے تمام اضلاع کے ضلعی دواخانوں میں روبوٹک سرجری سسٹم روشناس کروانے کے ساتھ ساتھ دیگر دواخانوں کو ریفرل دواخانہ کے طور پر مربوط کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ میڈیکل انفراسٹرکچر کارپوریشن کو روانہ کی گئی تجاویز کے مطابق فی الحال محکمہ صحت نے 15روبوٹک سرجری سسٹم حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ دونوں شہروں کے اطراف قائم کئے جانے والے تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس کے علاوہ دواخانہ عثمانیہ میں نصب کئے جائیں گے اس کے علاوہ نیلوفر دواخانہ ‘ اور دیگر سرکاری دواخانوں میں یہ سہولت فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔H/M/3