پولیس نے کانگریس کارکنوں کو گاندھی بھون میں روک دیا

   

پرگتی بھون کے گھیراؤ کی کوشش ناکام
حیدرآباد۔4۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی اور طلبہ تنظیموں کی جانب سے پرگتی بھون کے گھیراؤ کے اعلان کے ساتھ ہی پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے گاندھی بھون کے گیٹس کو بند کردیا اور کارکنوں کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی ۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں 7 مئی کو راہول گاندھی کے پروگرام کی اجازت سے وائس چانسلر نے انکار کردیا ۔ جگا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حکومت کے اشارہ پر وائس چانسلر نے اجازت دینے سے انکار کردیا ، لہذا شام 5 بجے پرگتی بھون کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔ گھیراؤ کی اطلاع عام ہوتے ہی پولیس کی بھاری جمیعت کو گاندھی بھون کے باہر تعینات کردیا گیا اور پولیس نے گاندھی بھون کے مین گیٹس کو بند کردیا۔ کارکنوں کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی اور ان کے حامی پرگتی بھون جانے کی تیاری کر رہے تھے۔ پولیس کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کانگریس کارکنوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 7 مئی کو راہول گاندھی کے پروگرام کی اجازت دی جائے۔ جگا ریڈی اور پولیس کے درمیان بحث و تکرار ہوئی ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ پرگتی بھون کے اطراف احتجاج کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ جگا ریڈی نے کہا کہ یونیورسٹی کی اجازت کے بغیر بھی راہول گاندھی کا پروگرام منعقد کیا جاسکتا ہے لیکن کانگریس پارٹی باقاعدہ اجازت حاصل کرنے کے حق میں ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اعلان کے بغیر کسی بھی دن پرگتی بھون کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ ر