پی مہیندر ریڈی قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ چیف وہپ مقرر

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات
حیدرآباد ۔3۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ چیف وہپ کے عہدہ پر ڈاکٹر پی مہیندر ریڈی کا تقرر کیا گیا ہے ۔ پی مہیندر ریڈی جو قانون ساز کونسل کے رکن ہیں، گورنمنٹ چیف وہپ کے عہدہ پر تقرر کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ انہوں نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ متحدہ رنگا ریڈی ضلع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی رام موہن ریڈی ، کے یادیا ، منوہر ریڈی ، میڑچل کے صدر ضلع کانگریس ہری وردھن ریڈی اور سابق رکن اسمبلی سدھیر ریڈی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ مہیندر ریڈی نے لوک سبھا انتخابات سے قبل بی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کونسل میں بہتر کارکردگی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مہیندر ریڈی نے صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کے علاوہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے بھی تقرر پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ قانون ساز کونسل میں حکومت اور ارکان کے درمیان بہتر تال میل کیلئے ہر ممکن مساعی کریں گے۔ 1