کم عمری کی شادیوں کو روک دیا گیا، شادی کے نام پر دھوکہ دینے والا گرفتار
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : شی ٹیم راچہ کنڈہ نے چار ہفتوں کے دوران کی گئی کارروائی میں 44 منچلے افراد کو حراست میں لے لیا اور 3 کم عمر شادیوں کو رکوا دیا ۔ شی ٹیم کی جانب سے شادی کا وعدہ کرتے ہوئے محبت کی آڑ میں ایک کم عمر لڑکی کی عصمت ریزی کرنے والے 22 سالہ آر شراون کو گرفتار کرلیا گیا ۔ حیات نگر علاقہ کی ساکن ایک نابالغ لڑکی کے والد کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کی ۔ فیس بک کے ذریعہ دوستی اور پھر محبت کا جھوٹا ڈھونگ رچا کر شراون نے نابالغ لڑکی سے شادی کا وعدہ کیا ۔ سوشیل میڈیا پر چیاٹنگ کے دوران لڑکی کا نمبر حاصل کرنے کے بعد لڑکی کو محبت کی پیشکش کی اور شادی کا وعدہ کیا جو ایک دن لڑکی کو اپنے ساتھ اپنے رشتہ دار کے مکان لے گیا اور اس سے جنسی وابستگی کی اور لڑکی کی عصمت ریزی کے بعد شراون نے اس سے منہ موڑ لیا ۔ اس سوشیل میڈیا پر بات چیت بھی بند کردی تھی بلکہ فحش اور ناقابل بیان انداز میں جواب دے رہا تھا ۔ لڑکی کے والد کی شکایت پر شی ٹیم نے حیات نگر پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے شراون کو گرفتار کرلیا ۔ جب کہ ایک اور اہم کیس میں شی ٹیم نے آر ٹی سی بس کنڈاکٹر کو گرفتار کرلیا جس کے خلاف خاتون سے مبینہ دست درازی کا الزام پایا جاتا ہے ۔ جاریہ سال جون کے پہلے ہفتہ میں خاتون نے شکایت کی ۔ حبشی گوڑہ کے علاقہ میں صبح کے اولین اوقات بس کنڈاکٹر سید امین نے جس کی عمر 40 سال بتائی گئی ہے ۔ بس ٹکٹ کی تقسیم کے دوران خاتون سے مبینہ دست درازی کی ۔ شی ٹیم نے اپنی چار ہفتوں کی کارروائی میں 44 منچلے لڑکیوں اور خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کو حراست میں لیا جن میں 19 کم عمر لڑکے پائے جاتے ہیں ۔ شی ٹیم نے 13 ایف آئی آر درج کئے جب کہ 19 چھوٹے معمولی مقدمات کو درج کیا گیا ۔۔ ع