چیف منسٹر دہلی کی رہائش گاہ زبردستی خالی کروائی گئی : سی ایم او

   

نئی دہلی: دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کے حکم پر وزیر اعلیٰ آتشی کا سامان ان کی سرکاری رہائش گاہ سے زبردستی نکال لیا گیا ہے ۔چیف منسٹر کے دفتر نے آج ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک سینئر لیڈر کو چیف منسٹر کی رہائش گاہ الاٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ دہلی میں 27 سال تک اقتدار سے دور رہنے کے بعد بی جے پی کی یہ مایوس کن کوشش وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے کی سازش کا حصہ ہے ۔وہیں، عام آدمی پارٹی کی چیف ترجمان پرینکا ککڑ نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کو یہ سمجھنا ہوگا کہ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ میں رہنے کے لیے دہلی میں اسمبلی انتخابات جیتنا ضروری ہے ۔ بی جے پی گزشتہ 27 سالوں سے دہلی میں الیکشن نہیں جیت سکی ہے ۔ اس لیے بی جے پی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ کسی طرح عوام کی منتخب حکومت کے اختیارات چھین لیے جائیں، دہلی کے لوگوں کو پریشان کیا جائے اور منتخب دہلی حکومت کے کام کو روکا جائے ۔ککڑ نے کہا کہ بی جے پی کی خواتین مخالف ذہنیت ایک بار پھر دہلی اور ملک کے لوگوں کے سامنے آ گئی ہے۔