ڈپٹی چیف منسٹر کے ساتھ ریونت ریڈی کی راج بھون میں رادھا کرشنن سے ملاقات
حیدرآباد ۔ یکم ؍ جون (سیاست نیوز) کانگریس حکومت کی جانب سے تلنگانہ یوم تاسیس کی تقریب بڑے پیمانے پر منائی جارہی ہے ۔اتوار کو صبح سے شام تک 10 سالہ جشن کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس کیلئے سکندرآباد پریڈ گراونڈ کے علاوہ ٹینک بنڈ پر بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بلوبٹی وکرامارک نے آج راج بھون پہنچ کر گورنر رادھا کرشنن سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں یوم تاسیس تقریب میں شرکت کرنے کی دعوت دی۔ گورنر بننے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے رادھاکرشنن سے دوسری ملاقات کی۔ پہلی مرتبہ گورنر عہدہ کا حلف لیتے وقت چیف منسٹر راج بھون پہنچے تھے تب ان کی خیرسگالی ملاقات تھی۔ بتایا جاتا ہیکہ آج کی ملاقات میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بٹی وکرامارک نے ریاست کی تازہ صورتحال حکومت کارکردگی، وعدوں پر عمل آوری کے علاوہ دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ چیف منسٹر نے راج بھون کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھتے ہوئے کام کرنے کا یقین دلایا ہے۔ تلنگانہ کی یوم تاسیس تقریب دو مقامات پر منعقد کی جائے گی۔ 2 جون کو صبح 9:30 بجے گن پارک پر یادگار شہیدان پر چیف منسٹر ریونت ریڈی مجاہدین تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ 10 بجے پریڈ گراونڈ پر قومی پرچم لہرائیں گے۔ اس کے بعد تلنگانہ کے سرکاری ترانہ کی رسم اجرائی کریں گے۔ پولیس ملازمین میں ایوارڈس تقسیم کریں گے۔ ایوارڈ تقریب کے بعد گروپ فوٹو سیشن میں حصہ لیں گے۔ 2 جون کو شام میں ٹینک بنڈ پر تلنگانہ کے 10 سالہ جشن کی اختتامی تقریب کا آغاز ہوگا۔ شام 6 بجے چیف منسٹر ٹینک بنڈ پہنچیں گے۔ فوڈ اسٹالس کا معائنہ کریں گے۔ کلچرل پروگرام کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔2