چینی صدر کے خطاب کے دوران ٹرمپ اونگھتے دکھائی دیئے

   

بیجنگ:19نومبر( یو این آئی ) چین میں ہونے والے اپیک اجلاس کے دوران عالمی رہنماؤں کے نئے دورِ مذاکرات کے آغاز پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی نشست پر بظاہر اونگھتے ہوئے دکھائی دیے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس کی لائیو نشریات کے دوران دیکھا گیا کہ جب چینی صدر شی جن پنگ ایشیا پیسیفک خطے کے حوالے سے چین کی توقعات اور ترجیحات پر اظہارِ خیال کر رہے تھے تو 80 سالہ امریکی صدر نیند میں جھولتے دکھائی دیے۔دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی نظریں کارروائی پر مرکوز رہیں، جبکہ کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی اور ہانگ کانگ کے رہنما جان لی اجلاس کے دوران نوٹس لیتے رہے۔جاپان کی وزیرِاعظم سنائے تاکائچی کو شی جن پنگ کے خطاب کے بعض حصوں کے دوران مسکراتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔دوسری جانب اپیک اجلاس کی سائیڈ لائن پر امریکی صدر ٹرمپ نے چینی ہم منصب سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جانب سے شاندار استقبال پر ممنون ہوں، کوئی بھی وہ کام نہیں کر سکتا جو ہم کر سکتے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ تجارتی بورڈ چین کے ساتھ تعلقات میں توازن لا رہا ہے، ہم نے اپنے تعلقات کو منصفانہ بھی بنایا ہے، محصولات کو منصفانہ طریقے سے تقسیم کر دیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین سے امریکی کسانوں کے لیے مزید کام کرنے کے لیے کہوں گا، میں اور شی جن پنگ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل چاہتے ہیں۔اس سے قبل چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد پر غیر روایتی طور پر خود گلے لگا کر ان کا استقبال کیا۔یہ پہلا موقع ہے کہ شی جن پنگ نے اپنے دورِ صدارت میں کسی غیر ملکی رہنما کا ذاتی طور پر ایئر پورٹ کے رن وے پر استقبال کیا ہے۔

ٹرمپ کا ایران کیخلاف دوبارہ جنگ لڑنے کا اعلان

کیمیائی اور جراثیمی ہتھیارو ں کا الزام بھی لگادیا

واشنگٹن: 19نومبر( یو این آئی ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ایک ایسا دیرپا معاہدہ چاہتے ہیں جو مستقبل میں کسی کمزور امریکی صدر کے اقتدار میں آنے کے باوجود برقرار رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ طے پانے تک امریکی فوجی ایران میں موجود رہیں گے۔امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اگر امریکہ میں کوئی کمزور صدر برسراقتدار آجائے تو بھی ایران کے ساتھ ہونے والا معاہدہ ختم نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے بقول وہ ایسا سمجھوتا چاہتے ہیں جو آنے والی امریکی حکومتوں کے لیے بھی قابلِ عمل رہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکی فوجی اس وقت تک ایران میں موجود رہیں گے جب تک ایسا معاہدہ حاصل نہیں ہوجاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’کسی نہ کسی طریقے سے ہم اس معاملے کو مکمل طور پر ختم کردیں گے۔‘‘امریکی صدر کا کہنا تھا کہ سہ فریقی ملاقات میں جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کا معاملہ مرکزی ہوگا تاہم ایران تنازعہ ختم کرانے کے لیے وہ روس اور چین سے مدد نہیں مانگیں گے۔ انٹرویو میں امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی صورت حال اچھی نہیں اور اس کی فوجی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ایران کی قیادت، بحری جہاز اور طیارے ختم ہوچکے ہیں۔تاہم یہ بیانات امریکی صدر کے دعوے ہیں اور انٹرویو میں ان کی تائید میں کوئی تفصیلی شواہد پیش نہیں کیے گئے۔ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنا غلطی تھی؟ اس پر انہوں نے کہا کہ یہ کوئی غلطی نہیں تھی، بلکہ اس عرصے کے دوران امریکا کو ایران کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس عمل سے امریکا کو یہ جاننے میں مدد ملی کہ ایران پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر انہیں دوبارہ ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا تو وہ ایسا کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس جنگ کے سیاسی اثرات مرتب ہوئے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ قومی فیصلے سیاسی مفادات کو سامنے رکھ کر نہیں کیے جاتے۔ان سے پوچھا گیا کہ اگر جنگ کا فیصلہ دوبارہ کرنا پڑے تو کیا وہ پھر بھی یہی راستہ اختیار کریں گے؟ اس پر امریکی صدر نے جواب دیا کہ وہ یقیناً دوبارہ ایسا ہی کریں گے۔انٹرویو کے دوران ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کیمیائی اور جراثیمی ہتھیاروں کے حصول یا تیاری کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ’’گیسوں اور جراثیمی ہتھیاروں‘‘ پر غور کر رہا ہے، تاہم اپنے اس الزام کے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔امریکی صدر کے مطابق امریکہ کے حملوں نے ایران کے لیے جوہری صلاحیتوں کے حصول کی کوششیں مشکل بنا دی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کے ساتھ تنازع امریکا نے شروع نہیں کیا بلکہ یہ جنگ 51 سال پہلے شروع ہوئی تھی۔