حیدرآباد ۔ 27 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ریاست بھر میں ڈی ایس سی 2008 امیدواروں کی شناخت کا عمل مکمل ہوگیا ہے ۔ تقریباً 1400 افراد نے ملازمت کیلئے اپنی دلچسپی دکھائی ہے ۔ ایسے امیدواروں کے اسنادات کی جانچ کا عمل بھی مکمل ہوگیا ہے ۔ عنقریب انہیں کنٹراکٹ پر بحیثیت ٹیچر تقرر کرنے کے امکانات ہیں ۔ سال 2008 میں منعقدہ ڈی ایس سی میں تقریباً 3400 امیدوار ملازمتوں کیلئے منتخب ہونے کا موقع کھودیا تھا تب سے یہ امیدوار احتجاج کررہے ہیں ۔ حکومت کی سرکردہ شخصیتوں سے تحریری نمائندگیاں کرتے رہے ۔ انتخابات کے دوران کانگریس پارٹی نے DSC-2008 امیدواروں سے انصاف کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ کانگریس کی حکومت تشکیل پانے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انہیں ملازمت فراہم کرنے کا اعلان کیا جس کے پیش نظر انہیں کنٹراکٹ کی بنیاد پر ملازمت فراہم کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ اس فیصلہ کے حصہ کے طور پر اضلاع واری سطح پر ڈی ایس سی 2008 امیدواروں کے سرٹیفیکٹس کی جانچ مکمل کرلی گئی ہے ۔ تقریباً 1400 امیدوار اہل ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ ان کا عنقریب کنٹراکٹ ٹیچر کی حیثیت سے تقرر کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ حکومت نے حال ہی میں 10 ہزار ٹیچرس کے تقررات کیے ہیں جس کے نتیجہ میں کئی ایسے اسکولس ہیں جہاں طلبہ سے زیادہ ٹیچرس کا تناسب ہے ۔ اس تناظر میں عہدیدار جائزہ لے رہے ہیں کہ 2008 ڈی ایس سی امیدواروں کو کس طرح ایڈجسٹ کیا جائے ۔ دوسری جانب کنٹراکٹ کی بنیاد پر تعینات ہونے والوں کو دی جانے والی تنخواہیں محدود ہوتی ہیں ۔ ایسی صورت میں وہ اپنے مقام کو چھوڑ کر دوسرے مقامات پر پوسٹنگ دینے کی صورت میں کیا یہ لوگ اس کو قبول کریں گے اس کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ 2