نئی دہلی : پولیس نے اسکریپ مافیا کے خلاف ایکشن سخت اور مزید تیز کردیا۔ شہر نوئیڈا کی پولیس نے میٹل مافیا اور گینگسٹر روی کانا کے گینگ کی 200 کروڑ سے زیادہ کی جائیدادوں کو سیل کردیا۔ میڈیا کے مطابق اسکریپ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کو تیز کرتے ہوئے نوئیڈا پولیس نے چھاپہ مار کر جنوبی دہلی میں ایک 100 کروڑ مالیت کے بنگلے کو سیل کردیا جو کہ گینگسٹر روی کانا نے اپنی دوست کاجل جھا کو تحفہ میں دیا تھا۔ میڈیا کے مطابق کاجل جھا نے نوکری کے سلسلے میں گینگسٹر روی کانا سے رابطہ کیا تھا لیکن بعد میں وہ اس کے گینگ کی ہی سب سے اہم رکن بن گئی جو تمام بے نامی جائیدادوں کے معاملات سنبھالنے کی انچارج تھی۔ میڈیا کے مطابق روی کانا نے جنوبی دہلی کے پوش علاقہ میں تقریباً 100 کروڑ روپے کا تین منزلہ بنگلہ خاتون کو تحفہ میں دیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق پولیس نے چہارشنبہ کو اس شاندار بنگلے پر چھاپہ مارا لیکن کاجل جھا اور اس کے ساتھی وہاں سیین فرار ہوگئے ۔