تلنگانہ میں پارٹی مستحکم کرنے کیلئے چندرا بابو نائیڈو کا اہم فیصلہ
حیدرآباد ۔4 ۔ نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو نے اہم فیصلہ کیا ہے ۔ تلگو دیشم میں حالیہ دنوں شمولیت اختیار کرنے والے صنعت کار اور سیاسی قائد کاسانی گیانیشور کو تلنگانہ میں پارٹی صدر مقرر کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گیانیشور 10 نومبر کو اپنی نئی ذمہ داری سنبھال لیں گے ۔ صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو نے نئے ریاسی صدر کے انتخاب کے احکامات جاری کئے ہیں۔ موجودہ صدر بی نرسمہلو کو پولیٹ بیورو میں شامل کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ نرسمہلو قومی سطح پر پارٹی کے جنرل سکریٹری ہوں گے۔ واضح رہے کہ ایل رمنا کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے بعد سے تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کمزور ہوچکی تھی ۔ چندرا بابو نائیڈو نے حالیہ عرصہ میں تلنگانہ کے امور پر توجہ مرکوز کی اور کاسانی گیانیشور کو پارٹی میں شمولیت کی ترغیب دی۔ گیانیشور ایک مشہور صنعت کار ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ وہ پارٹی کو شہر اور اضلاع میں مستحکم کرنے کیلئے اہم رول ادا کریں گے۔ ر