حیدرآباد۔یکم؍ ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نے اس کے تحت تمام جونیر کالجس میں بہتر سہولتوں کی فراہمی اور تعلیمی اداروں کے استحکام پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ڈائرکٹر و سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کرشنا آدتیہ نے ڈسٹرکٹ انٹر میڈیٹ ایجوکیشن آفیسرس، گورنمنٹ جونیر کالجس کے پرنسپل اور بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے ضلعی سطح کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ تعلیمی سال کے دوران نصاب کی تکمیل، تیاری اور ریویژن کو یقینی بنانے کی مساعی کریں۔ کمشنر ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر آر وی کرنن، ڈائرکٹر اینٹی نارکوٹکس بیورو سندیپ شنڈلیہ اور ہیلت پروگرامر شریمتی سنگیتا نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، لیاب سہولتوں، کمپاونڈ وال اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر نے طلبہ میں منشیات کے استعمال اور خودکشی واقعات کو روکنے کیلئے ماہرین نفسیات کے ذریعہ کونسلنگ کا مشورہ دیا۔ کونسلنگ کے سلسلہ میں ٹول فری نمبر14416 سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔1
ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ اینٹی نارکوٹکس بیورو سندیپ کمار شنڈلیہ نے ضلعی سطح پر تمام تعلیمی اداروں میں مخالف ڈرگس مہم کا مشورہ دیا اور کہا کہ ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفیسرس کو اس سلسلہ میں توجہ دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو ڈرگس اور دیگر نشیلی اشیاء کی لعنت سے بچانے کیلئے شعور بیداری مہم کی ضرورت ہے۔ شریمتی سنگیتا نے تمام سرکاری جونیر کالجس میں طلبہ کے ذہنی تناؤ میں کمی کیلئے معاون سرگرمیوں کا مشورہ دیا۔ کنٹرولر امتحانات جیہ پردا، جائنٹ سکریٹری بھیم سنگھ اور ڈپٹی ڈائرکٹر لکشما ریڈی نے اجلاس میں شرکت کی۔ 1