کانگریس حکومت میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہوگی

   

وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو کا تیقن،وعدوں کی تکمیل کے عین مطابق بجٹ کی تیاری

حیدرآباد۔/17 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ کانگریس حکومت کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کے بغیر ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ سریدھر بابو نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ تلنگانہ کو ملک کی مثالی ریاست بنانا کانگریس حکومت کا اولین مقصد ہے اس سلسلہ میں تمام طبقات کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کے خلاف بھی انتقامی کارروائی کا جذبہ نہیں رہے گا۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ کالیشورم پراجکٹ کے تحت میڈی گڈہ بیاریج اور انارم میں غیرمعیاری تعمیرات کی تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے انتخابی منشور میں کالیشورم پراجکٹ کی عدالتی تحقیقات کا وعدہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس دونوں ایک ہیں اور دونوں کی باتیں بھی یکساں ہیں۔ گذشتہ 9 برسوں کے دوران مرکزی حکومت نے بی آر ایس کی بدعنوانیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ تلنگانہ عوام نے تبدیلی کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ کانگریس کی جمہوری حکومت تمام طبقات کو یکساں مواقع فراہم کرے گی اور ہر ایک کی آواز سنی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، روزگار، صنعت اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبوں میں ترقی اہم ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی ایسی اسکیمات جن سے عوام کو فائدہ ہے ان پر مزید بہتر انداز میں عمل کیا جائے گا۔ انتخابی منشور اور 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل میں مددگار ریاستی بجٹ تیار کیا جائے گا۔