حیدرآباد۔/28 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ریونت ریڈی نے ارکان اسمبلی خریدی معاملہ کی تحقیقات کو نامکمل قرار دیا اور کہا کہ کانگریس سے خریدے گئے ارکان اسمبلی کے معاملہ کی بھی تحقیقات ہونی چاہیئے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سیاسی مقصد براری کیلئے بی آر ایس کا قیام عمل میں لایا گیا اور بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے کے سی آر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے بی آر ایس کو استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ ارکان اسمبلی خریدی معاملہ میں بی آر ایس نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جبکہ عدالت کی جانب سے سی بی آئی تحقیقات پر بی جے پی جشن منارہی ہے۔ حالانکہ اصلی تحقیقات کا طریقہ کار درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی کو اس معاملہ کی جانچ کی ذمہ داری دی گئی ہے لہذا کانگریس سے سی بی آئی کو یادداشت پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی خریدی معاملہ کو دو طرح سے دیکھنا چاہیئے۔ بی آر ایس اور بی جے پی ایک دوسرے کو متاثرین کے طور پر پیش کررہے ہیں۔ ایسے میں قصوروار کون ہیں جس نے جرم کا ارتکاب کیا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی کے مطالبہ سے بی جے پی کی کمزوری ظاہر ہوئی ہے۔ سیاسی مقصد براری کیلئے تحقیقاتی ایجنسیوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ کانگریس اس مقدمہ میں فریق بننے پر غور کررہی ہے۔ جن چار ارکان اسمبلی کی خریدی کی کوشش کی گئی ان میں سے تین کا تعلق کانگریس سے ہے۔ ریونت ریڈی نے 2018 سے بی آر ایس میں شامل ہونے والے 12 کانگریس ارکان اسمبلی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ر