اتم کمار ریڈی، وینکٹ ریڈی اور ہنمنت راؤ اہم دعویدار، ملکارجن کھرگے کمزور طبقات کو نمائندگی کے حق میں
حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے اعلیٰ اختیاری کانگریس ورکنگ کمیٹی کے الیکشن کے بجائے صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کو ارکان کی نامزدگی کا اختیار دیا ہے۔ ملکارجن کھرگے نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ ورکنگ کمیٹی میں تمام علاقوں کو موثر نمائندگی دی جائے گی اور پارٹی کیلئے خود کو وقف کرنے والے قائدین اولین ترجیح رہیں گے۔ چھتیش گڑھ میں منعقدہ پلینری سیشن میں شرکت کرنے والے تلنگانہ کے قائدین نے ورکنگ کمیٹی میں شمولیت کیلئے بھرپور نمائندگی کی ہے۔ نئی ریاست کی تشکیل کے بعد سے کانگریس ورکنگ کمیٹی میں تلنگانہ کو نمائندگی نہیں دی گئی۔ ورکنگ کمیٹی کی رکنیت کے اہم دعویداروں میں ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ اور نائب صدر پردیش کانگریس ڈاکٹر ملوروی شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ قائدین نے ہائی کمان سے قربت رکھنے والی شخصیتوں سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ پلینری سیشن میں مصروف شیڈول کے نتیجہ میں تلنگانہ کے قائدین کو سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے سے علحدہ طور پر ملاقات کا موقع نہیں مل سکا۔ ان قائدین نے اپنے اپنے قریبی قائدین کے ذریعہ نمائندگی کی ہے۔ اے آئی سی سی ذرائع کے مطابق تلنگانہ کے قائدین کو تنظیم میں اہم ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ اتم کمار ریڈی کو ورکنگ کمیٹی کے بجائے قومی جنرل سکریٹری کے عہدہ پر فائز کئے جانے کا امکان ہے۔ ورکنگ کمیٹی میں شمولیت کیلئے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی سفارش بھی ضروری ہے۔ کانگریس ہائی کمان تلنگانہ کے قائدین کو مرکز میں نمائندگی سے قبل ریونت ریڈی کی رپورٹ کا جائزہ لے گا جو پارٹی قائدین کی سرگرمیوں سے متعلق ہے۔ ملکارجن کھرگے ورکنگ کمیٹی میں کمزور طبقات کو موثر نمائندگی کے خواہاں ہیں۔ اگر ورکنگ کمیٹی میں تلنگانہ کو نمائندگی ملتی ہے تو اس سے آئندہ اسمبلی انتخابات میں فائدہ ہوسکتا ہے۔ ر