چیف منسٹر سے نمائندگی کا تیقن، فیروز خاں کی قیادت میں قائدین اور کارکنوں کی ملاقات
حیدرآباد ۔11۔ اکتوبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے نامپلی اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے پارٹی قائدین کو تیقن دیا کہ پارٹی کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں کسی بھی رکاوٹ کو دور کرنے کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے نمائندگی کریں گے ۔ جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی اور نامپلی اسمبلی حلقہ کے شکست خوردہ امیدوار محمد فیروز خاں کی قیادت میں مقامی کانگریس قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے گاندھی بھون پہنچ کر مہیش کمار گوڑ سے ملاقات کی۔ انہوں نے گزشتہ دنوں آصف نگر کے علاقہ میں مجلسی کارکنوں کے ساتھ جھڑپ کے واقعہ کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قائدین کو عوامی مسائل پر نمائندگی سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ متعلقہ رکن اسمبلی نے غیر سماجی عناصر کے ساتھ کانگریس کارکنوں پر حملہ کی کوشش کی۔ مقامی قائدین نے شکایت کی کہ یکطرفہ حملہ کے باوجود پولیس نے جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانگریس قائدین کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے۔ فیروز خاں نے صدرپردیش کانگریس سے کہا کہ نامپلی اسمبلی حلقہ میں کانگریس کا موقف کافی مستحکم ہے اور وہ ہمیشہ عوامی مسائل کی سماعت کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ عہدیداروں سے نمائندگی کرتے ہوئے کئی مسائل کو حل کیا ہے۔ فیروز خاں نے مہیش کمار گوڑ سے خواہش کی کہ وہ حقیقی صورتحال سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو واقف کرائیں تاکہ نامپلی اسمبلی حلقہ کے پارٹی کارکنوں کے حوصلے برقرار رہیں۔ کارکنوں نے حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر کی اس واقعہ پر خاموشی کی شکایت کی اور کہا کہ حکومت کے باوجود نامپلی اسمبلی حلقہ میں کانگریس کارکن عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے اس مسئلہ پر عنقریب چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کا تیقن دیا۔ اسی دوران جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی نے فیروز خاں کو تیقن دیا کہ کانگریس پارٹی ان کے ساتھ رہے گی اور اپوزیشن کی جانب سے کسی بھی غیر قانونی کارروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قائدین کو عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کا اختیار حاصل ہے اور کوئی بھی پارٹی اس حق سے محروم نہیں کرسکتی۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیروز خاں نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے جمہوری انداز میں ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ 1