مسجد خواجہ محمود کی دوبارہ تعمیر کا مطالبہ: شیخ عبداللہ سہیل
حیدرآباد۔/3 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل نے کانگریس کے اقلیتی قائدین کے ہمراہ کلکٹر رنگاریڈی کو یادداشت پیش کرتے ہوئے مسجد خواجہ محمود کی غیر قانونی شہادت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ شیخ عبداللہ سہیل نے اپنی یادداشت میں کہا کہ مسجد خواجہ محمود گرین ایوینو کالونی کے مکینوں کی جانب سے 2016 میں تعمیر کی گئی اور باقاعدہ نمازوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ تعمیر کیلئے تمام ضروری اجازت نامے حاصل کئے گئے۔ ہائی کورٹ میں مسجد کی اراضی سے متعلق معاملہ زیر دوران ہے۔ عدالت کے فیصلہ کا انتظار کئے بغیر بعض غیر سماجی عناصر نے عہدیداروں کی ملی بھگت سے مسجد کو منہدم کردیا۔ انہوں نے کہا کہ انہدام کیلئے تمام راستوں کو بند کردیا گیا تھا اور مقامی مسلمانوں کے مکانات مقفل کردیئے گئے تھے۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ مسجد کی شہادت کے پس پردہ ایک بڑی سازش دکھائی دیتی ہے تاکہ فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دی جائے۔ انہوں نے مسجد کی اُسی مقام پر دوبارہ تعمیر کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت کے خرچ پر تعمیر عمل میں لائی جائے۔ شمس آباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں اور پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ مافیا کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے۔ر