کرناٹک میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد ندی میں ڈوب کر ہلاک، وزیر اعظم مودی نے اظہارِ افسوس کیا

   

کاروار (کرناٹک)، 24 مئی (یو این آئی)کرناٹک کے ضلع اتر کنڑ (کاروار) میں اتوار کو ایک دردناک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد ندی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں سات خواتین شامل ہیں جبکہ دو افراد اب بھی لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔پولیس کے مطابق شیرالی گاؤں سے تعلق رکھنے والے 14 افراد کا ایک گروپ وینکٹ پورہ ندی میں سیپیاں اور شَنکھ جمع کرنے کیلئے گیا تھا۔ اسی دوران ندی میں اچانک پانی کی سطح بڑھ گئی اور تیز بہاؤ کی زد میں آکر کئی افراد بہہ گئے ۔حادثہ میں سات خواتین سمیت مجموعی طور پر آٹھ افراد کی موت ہو گئی جبکہ دو لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔ حکام کے مطابق چار خواتین اس حادثے میں محفوظ بچ نکلیں جنہیں علاج کیلئے مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔اس افسوسناک سانحہ پر وزیر اعظم نریندر مودی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے حادثہ میں جان گنوانے والے ہر شخص کے اہل خانہ کو ‘وزیر اعظم قومی ریلیف فنڈ’ سے دو دو لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ اس کے علاوہ زخمی ہونے والے افراد کو پچاس پچاس ہزار روپے کی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔چیف منسٹر نے مہلوکین کے ورثا کو 5 ، 5لاکھ روپئے مالی امداد کا اعلان کیا۔